|

وقتِ اشاعت :   June 21 – 2017

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نائف کی سبکدوشی کے بعد نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کی جگہ قلمندان سنبھال لیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سعودیہ کے شاہی فرمان کے مطابق سعودیہ کے فرماں روا شاہ سلمان نے 31 سالہ بیٹے کو ترقی دے کر ملک کا ممکنہ اگلہ فرماں روا مقرر کردیا ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کو نائب وزیراعظم بنا دیا گیا ہے جبکہ وزیر دفاع سمیت دیگر قلمندان بھی ان کے پاس برقرار رہیں گے۔

شاہی فرمان میں کہا گیا کہ 06-2003 کے دوران القاعدہ کی بم دھماکوں کی تمام مہمات کو ناکام بنانے والے شہزادہ محمد بن نائف، جو کئی سالوں سے انسداد دہشت گردی کے چیف رہے، کو ان ککے تمام عہدوں سے برطرف کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ محمد بن سلمان نائب ولی عہد کے طور پر یمن میں سعودی عرب کی سربراہی میں ہونے والی جنگ کے ذمہ دار ہیں، اس کے علاوہ انھوں نے عالمی اثرات کے ساتھ ایک توانائی کی پالیسی کا تعین کیا اور تیل کے علاوہ ملک کا مستقبل بنانے کے حوالے سے منصوبے بھی بنا رہے ہیں۔

العربیہ ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کی ترقی کونسل کی منظوری سے عمل میں آئی ہے اور فرماں روا آج (بروز بدھ) کو مکہ میں عوام سے محمد بن سلمان کی وفاداری کا عہد لیں گے۔

پاکستان کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق شاہی فرمان میں کہا گیا ہےکہ شاہ سلمان نے شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف کو وزیر داخلہ جبکہ احمد بن محمد السالم کو نائب وزیر داخلہ مقرر کیا ہے۔

اس کے علاوہ شہزادہ بندر بن فیصل بن بندر بن عبدالعزیز کو جنرل انٹیلی جنس شعبے کے سربراہ کا معاون مقرر کیا گیا ہے، شاہی فرمان کے مطابق شہزادہ بندر بن خالد بن فیصل بن عبدالعزیز کو شاہی دیوان کا مشیر تعینات کیا گیا ہے۔

شہزادہ عبداللہ بن خالد بن سلطان بن عبدالعزیز کو شاہی دیوان میں مشیر مقرر کیا گیا ہے، شہزادہ ترکی بن محمد بن فہد بن عبدالعزیز کو مساوی کے مساوی عہدے پر شاہی دیوان کا مشیر بنا دیا گیا ہے، نیز عبدالرحمان الربیعان شاہی دیوان کے مشیر ہوں گے۔

ان تمام افراد کے عہدے اور مراعات وزیر کے مساوی ہوں گی۔

شاہی فرمان کے مطابق شہزادہ فیصل بن سطام بن عبدالعزیز کو اٹلی میں سفیر مقرر کیا گیا ہے، شہزادہ خالد بن بندر بن سلطان بن عبدالعزیز کو جرمنی میں سعودی عرب کا سفیر بنا دیا گیا ہے، جبکہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بن فیصل بن عبدالعزیز کو جنرل سپورٹس اتھارٹی کا ڈپٹی چیئرمین تعینات کیا گیا ہے۔

علاوہ ازایں، شاہی فرمان کے ذریعے شہزادہ عبدالعزیز بن فہد بن ترکی بن عبدالعزیز کو سعودی عرب کے علاقے الجوف کا نائب گورنر بنایا گیا ہے۔