کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کو پوری دنیا کے سرمایہ کاروں کے لئے کھول دیا ہے ، سی پیک سے بلوچستان کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے ، سرمایہ کار پورے اعتماد کے ساتھ بلوچستان آ رہے ہیں ۔
صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کر رہی ہے اور بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے اور ان کی رہنمائی کے لئے فعال کردار ادا کررہا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیپال کی سفیرسیوالمسل ادھیکاری(Sewa Lamsal Adhikari) سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے جمعرات کے روزیہاں ان سے ملاقات کی۔
وائس چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انوسٹمنٹ خواجہ ہمایوں نظامی بھی اس موقع پر موجود تھے ،جنہوں نے نیپالی سفیر کو بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات سے آگاہ کیا۔ نیپال کی سفیر نے ان میں اپنی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ نے نیپال کی سفیر کو آگاہ کیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے حکومتی اقدامات کی مثبت نتائج سامنے آرے ہیں جلد بلوچستان میں اسٹیل مل اور آئل ریفائنری جیسے منصوبوں کا آغاز ہونے جارہاہے جبکہ کینیڈا کی حکومت کے ساتھ ایک ہزار میگاواٹ شمسی پاور پلانٹ لگانے کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دی گئی ہے۔
کوئٹہ میں ماس ٹرانزٹ ٹرین سسٹم کے منصوبے کو بھی عملی جامع پہنایا جارہاہے ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم ، صحت ، صاف پانی کی فراہمی اور امن و امان انکی حکومت کی ترجیحات ہیں، ملاقات میں کھیل وثقافت، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں نیپال اور بلوچستان کے درمیان باہمی تعاون کے فروغ سے اتفاق کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ۔
ان شعبوں میں کھلاڑی ، طالب علموں اور فنکاروں کے وفود کے دوروں کا اہتمام کرتے ہوئے روابط میں اضافہ کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیپال کی طرح بلوچستان بھی خوبصورت مناظر سے بھر پور خطہ ہے جہاں سیاحت کے فروغ کی بے پناہ گنجائش موجود ہے ۔
ہم سات ہزار سال پرانی مہر گڑھ تہذیب کے وارث ہیں اور ہمیں اپنی تہذیب و ثقافت اور دیرینہ روایات پر فخر ہے۔ نیپال کی سفیر نے پاکستان میں جمہوریت کے فروغ اور بلدیاتی اداروں کی مضبوطی پر خوشی کا اظہار کیا، انہوں نے چمپین ٹرافی میں پاکستان کے فتح پر وزیر اعلیٰ کو مبارکباد بھی پیش کی اور انہیں نیپال کی دورے کی دعوت بھی دی۔
بلوچستان کو پوری دنیا کے سر مایہ کاروں کیلئے کھول دیا ہے سر مایہ کار اعتماد کیساتھ آ رہے ہیں ،نواب زہری
وقتِ اشاعت : June 23 – 2017