بہاولپور: وزیراعظم نواز شریف سانحہ احمد پور شرقیہ میں 150 سے زائد انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد اپنا لندن کا دورہ مختصر کرکے بہاولپور پہنچ گئے۔
وزیراعظم کی بہاولپور آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر اعلیٰ صوبائی حکام نے ان کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف لندن سے براہ راست بہاولپور پہنچے تھے۔
وزیراعظم نواز شریف نے وکٹوریہ ہسپتال کا دورہ کیا اور سانحہ احمد پور شرقیہ کے زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، کمشنر بہاولپور ثاقب ظفر اور دیگر سرکاری حکام بھی ساتھ تھے۔
بعد ازاں وزیراعظم نواز شریف بہاولپور میں سرکٹ ہاؤس پہنچے، اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کو سانحہ احمد پور شرقیہ پر بریفنگ دی گئی۔
کمشنر بہاولپور ثاقب ظفر نے وزیراعظم نواز شریف کو سانحہ احمد پور شرقیہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثہ صبح 6 بجکر 20 منٹ پر پیش آیا، کراچی سے بہاولپور جانے والے ٹینکر میں 25000 لیٹر تیل تھا، جو حادثے کے نتیجے میں الٹ گیا تھا۔
کمشنر بہاولپور نے کہا کہ عوام نے گرے ہوئے ٹینکر سے تیل اکٹھا کرنا شروع کیا، اور نامعلوم وجوہات کی وجہ سے آئل ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا جس نے 265 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعے میں 140 سے زائد افراد جاں بحق اور ایک 125 زخمی ہوئے۔
جس کے بعد نواز شریف احمد پور شرقیہ میں جائے حادثہ بھی گئے، اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے متاثرین سے دلی ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب انتظامیہ نے ذمہ داری کا ثبوت دیا۔
انھوں نے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعا کراتے ہوئے کہا کہ میری دعا ہے کہ اللہ سب کو صحت اور تندرستی دے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت جاری کردی گئیں ہیں، سانحات پر سیاست نہیں کرنی چاہیے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کے ورثا کو سرکاری ملازمت دینے کا اعلان کیا اور بتایا کہ زخمیوں کی عیادت کے ساتھ انہیں 10 لاکھ روپے کا چیک بھی دیا ہے۔
اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سانحہ احمد پور شرقیہ پر حکومت، پاک فوج اور مقامی انتظامیہ نے فوری اقدامات کئے۔
انھوں نے بتایا کہ زخمیوں کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں ہر ممکن طبی سہولیات دی جا رہی ہیں۔
تاہم شہباز شریف نے المناک واقعے کو تعلیم کی کمی، غربت اور کرپشن کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو امداد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز صوبہ پنجاب کے جنوبی علاقے احمد پور شرقیہ میں نیشنل ہائی وے پر آئل ٹینکر کے الٹنے کی وجہ سے ہونے والی آتشزدگی کے نتیجے میں 153 افراد جھلس کر ہلاک جبکہ 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے۔