|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی ومالی نقصاانات پر دلی دکھ اورافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے اورانکی امداد وبحالی میں کوئی کسراٹھانہیں رکھی جائے گی۔

جبکہ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے اوربارشوں سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو بارشوں اورسیلابی پانی سے ہونے والے جانی ومالی نقصانات کاجائزہ لیکر رپورٹ مرتب کرنے اورمتاثرین کی بھرپورمعاونت کیلئے تمام وسائل بروئے کارلانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کو مون سون کے زیراثراضلاع میں خوراک،خیمے اوردیگر امدادی اشیاء کی فوری فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے جبکہ انہوں نے انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کو سیلابی پانی سے بند ہوجانے والے راستوں کی فوری بحالی کیلئے مؤثراقدامات کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر ضلع لسبیلہ ،ڈیرہ بگٹی اوردیگر متاثرہ علاقوں میں پی ڈی ایم اے کی جانب سے امدادی سامان بھجوانے کے ساتھ ساتھ بند راستوں کی بحالی اورمتاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی سرگرمیوں میں مزید اضافہ کردیاگیاہے اورجانی ومالی نقصانات کااندازہ لگانے کیلئے سروے کاآغازکردیاگیاہے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے مچھ ریلوے اسٹیشن کے قریب نصب بم کو ناکارہ بنانے پر بم ڈسپوزل اسکواڈ اورسیکورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امر پر اطمینان کا اظہارکیاہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ہمت اورجوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہت سی قیمتی جانوں کو محفوظ بناکر علاقے کو ایک بڑی تباہی سے بچالیاہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارے سیکیورٹی اہلکاراپنی جانوں پر کھیل کر عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنارہے ہیں جبکہ دوسری جانب وہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچانے میں بھی مصروف عمل ہیں ۔

عوام اورحکومت اپنے سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں اورکاروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،وزیراعلیٰ نے اس عزم کااظہارکیاہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک حکومت اورسیکیورٹی ادارے چین سے نہیں بیٹھیں گے اوردہشت گردوں کا ہرجگہ پیچھا کرکے انہیں نیست ونابودکردیاجائیگا۔

انہوں نے کہاکہ بے گناہ لوگوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیاجاسکتا وہ دن دورنہیں جب بلوچستان میں مکمل طورپر امن قائم ہوجائیگا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے بم ناکارہ بنانے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔