|

وقتِ اشاعت :   July 2 – 2017

حب: وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری کی ہدایت پر لسبیلہ انتظامیہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کردیں۔کمشنر قلات ڈویژن ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کی نگرانی کیلئے ٰخود حب پہنچ گئے ۔

تفصیلات کے مطابق ضلع لسبیلہ کے صنعتی شہر حب کے ساجدی گوٹھ میں واقع پتھر کالونی اور ساحلی بستی گڈانی کے عبداللہ ڈگارزئی گوٹھ میں جاری امدادی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کیلئے کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی آج ( ہفتے کے روز) حب پہنچ گئے ہیں ۔

کمشنر قلات ڈویژن نے اسسٹنٹ کمشنر حب نعیم گچکی تحصیلدار وندر مہیم خان کے ہمراہ لسبیلہ انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئی 100خیموں پر مشتمل خیمہ بستی کا دورہ اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے سیلاب متاثرین کو طبی سہولیات فراہمی کا جائزہ لیا۔

کمشنر نے متاثرین کی حال پرسی کی ، کونسلر نزیر احمد بلوچ نے لسبیلہ انتظامیہ کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیاں تیز کرنے پر کمشنر قلات ڈویژن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لسبیلہ انتظامیہ کی بروقت ریسکیوریلیف آپریشن کی بدولت سیلاب متاثرین میں زندگی کی نئی رمق پیدا ہوگئی ہے ۔

انھوں نے کمشنر کو بتایا کہ سیلاب نے ہم سے سب کچھ چھین لیا لیکن حکومت کی جانب سے مصیبت کی اس گھڑی میں انتظامیہ کے اہلکارجس طرح ہمارے لئے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

ہم صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ متاثرین کی ہرممکن امداد یقینی بنائیں گے ، کمشنر قلات ڈویژن نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی راشن بھی تقسیم کیا ،اور انہیں یقین دہانی کرائی کہ لسبیلہ انتظامیہ متاثرین کی دوبارہ بحالی وآباد کاری تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

خیمہ بستی میں مقیم لوگ ہمارے بھائی ہیں ہمیں انکی مشکلات اور مسائل کا ادراک ہے خیمہ بستی میں توسیع کرتے ہوئے مزید 100خیمے متاثرہ علاقے میں فراہم کئے جارہے ہیں ، کمشنر نے سیلابی ریلے میں جانبحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور لاپتہ افراد کے ورثاء کو یقین دہانی کرائی ۔

کمشنر قلات ڈویژن کو متاثرہ علاقوں کے دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ لیویز کے 100اور ایف سی کے پچاس جوان ریسکیو ریلیف آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ،ابتدائی سروے کے مطابق سیلاب سے متاثرہ ساجدی گوٹھ پتھر کالونی کے تین سوپچاس رہائشی مکانات متاثر اور 70مکمل طورپر صفحہ ہستی سے مٹ چکے ہیں ۔

سیلاب کی تباہ کاریوں سے مذکورہ متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے 600متاثرین کیلئے لسبیلہ انتظامیہ کی جانب سے ریلیف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے تمام انتظامی ادارے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں ۔

کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی سیلابی صورتحال پر غور کے لئے محکمہ ایریگیشن اور پی ایچ ای کے افسران کے ہمراہ سیلاب ذدہ گوٹھوں کا دورہ ، محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ ایریگیشن کے افسران کے ہمراہ انھوں نے لسبیلہ کینال کے متاثرہ حصے اور محکمہ پی ایچ ای کی تالاب کا دورہ اور معائنہ کیا ۔

انھوں نے تالاب میں سیلابی پانی کے اخراج کے حوالے سے محکمہ پی ایچ ای کے افسر غلام سرور مینگل اور محکمہ ایریگیشن کے افسریونس عزیز زہری کمانڈنٹ آواران ملیشیا ء کرنل جنید اکبر ، کرنل ایف سی حب اْطہر محمود، اور میونسپل کارپوریشن کے چےئرمین رجب رند سے ملاقات کی اور یہ طے پایا کہ سیلابی پانی کے اخراج وتالاب کی صفائی کیلئے ایک حصے کو توڑنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

کمشنر نے سیلاب ذدہ علاقوں میں واٹر ٹینکر ز کے ذریعے پانی کی فراہمی یقینی بنانے اور متبادل اقدامات پر بھی غور کیا گیا ، کمشنر قلات ڈویژن کو بتایا گیا کہ گڈانی میں واٹر اسٹوریج ٹینک پہلے سے موجود ہیں ان واٹراسٹوریج ٹینکوں میں واٹرٹینکر کے ذریعے پانی مہیا کرکے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی ۔

بعدازاں کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ ساجدی گوٹھ اور پتھر کالونی کا دورہ کیا اور متاثرہ مقامات سے فوری طوپر ملبہ ہٹانے کیلئے احکامات بھی جاری کئے ۔