کوئٹہ: تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمدرندنے اتوار کو وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو اور سا بق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے اعزاز میں ظہرانہ دیا ۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر طاہر بزنجو ، سیکرٹری اطلاعات جان محمد بلیدی ، مرکزی رہنما فدا حسین دشتی بھی موجود تھے۔دونوں سیاسی رہنماوں نے ملکی سیاسی صورتحال ،ریجن کی صورتحال اوراسکے ملک پر پڑھنے والے اثرات بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یارمحمد رند نے کہا کہ تحریک انصاف بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے درمیان ایک بہتر ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنا چاہتا ہے تحریک انصاف ملک میں آئندہ ہونے والے انتخابات میں ہم خیال سیاسی جماعتوں کیساتھ ملکر انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے اورا س حوالے سے نیشنل پارٹی اور اس کی قیادت کو اپنے قریب سمجھتے ہیں۔
نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر میرحاصل خان بزنجو نے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے پر سردار یار محمدرند کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی ایک جمہوری و سیاسی جماعت ہے اور بلوچستان میں جمہوری سیاست کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنا سیاسی کردار ادا کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاست سے ہٹھ کر سردار یارمحمد رند سے ہمارا عزت اور احترام کا رشتہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ ملکر الیکشن میں حصہ لینے کی پالیسی پر کاربند ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں الیکشن کے حوالے سے بات چیت ہوسکتی ہے جہاں دونوں سیاسی جماعتیں موجود ہیں دونوں سیاسی رہنماوں نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کے اس سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کرپشن کے خاتمے سے مشروط ہے گڈ گورننس کے قیام کے لئے صاف ستھری قیادت ضروری ہے این اے 260 کا ضمنی انتخاب عوام کے ضمیر کا امتحان ہے مختصرالمدتی باقی ماندہ پارلیمانی ایام کے لئے ایماندار امیدوار کا انتخاب آئیندہ کے عام انتخابات میں عوامی مزاج کا آئینہ دار ہوگا ۔
جے آئی ٹی کا فیصلہ ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا نواز شریف کا جانا ٹھہر چکا ہے پی ٹی آئی کا یہ اعزاز ہے کہ اس نے وقت کے ایسے فرعون انصاف کے کٹہرے تک لائے جو خود کو قانون سے مبرا سمجھتے تھے پیپلزپارٹی مکافات عمل کا شکار ہے جس نے موجودہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف احتجاجی تحریکوں میں حکمرانوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا ۔
بلوچستان میں مثبت نتائج کی حامل جمہوری قوتوں سے مل کر صوبے کے حقوق کی فیصلہ کن جمہوری جدوجہد کو مزید موثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا سردار یار محمد رند نے کہا کہ ملکی حالات تیزی سے تبدیلی کی جانب بڑھ رہے ہیں پاناما لیکس پر جے آئی ٹی کا فیصلہ انتہائی اہمیت کا حامل ثابت ہوگا اور اس وقت پوری قوم کی نظریں اس فیصلے پر مرکوز ہیں ۔
سردار رند نے کہا کہ این اے 260 کے ضمنی انتخاب میں عوام سوچ سمجھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں پی ٹی آئی نے سرمایہ دارانہ نظام اور رویتی سیاست کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ٹکٹ ایک ایسے نظریاتی کارکن کو دی ہے جو جزبہ خدمت سے سرشار اور بے داغ ماضی کا حامل جوان ہے عوام ضمنی انتخاب میں مفاد پرستی پر مبنی روایتی کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں ۔
انہوں نیکہا کہ بلوچستان کے ساحل و وسائل اور اجتماعی حقوق کے تحفظ کے لئے بہتر اور حقیقی عوامی نمائندوں کا انتخاب مقاصد کے حصول میں معاون ثابت ہو گا لہزا حق رائے دہی کے بہتر استعمال سے ہی حقیقی تبدیلی ممکن ہے ۔
سردار رند نے کہا کہ پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار ڈاکٹر منیر بلوچ عوامی مسائل کا بہتر ادراک رکھتے ہیں سردار رند نے کہا کہ ضمنی انتخاب سے متعلق موثر انتخابی مہم چلانے اور عوام رابطہ کے لئے پارٹی نے سینئر عہدیداروں پر مشتمل دو کمیٹیاں قائم کر دی ہیں جن میں سے ایک صوبائی دارالحکومت کوئٹہ جبکہ دوسری بیرون از کوئٹہ متعلقہ حلقے کے عوام سے رابطہ کر کے بھر پور انتخابی مہم چلائے گی۔
این اے 260 الیکشن عوام کے ضمیر کا امتحان ہے ،بلوچستان کی ترقی کیلئے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے ،سردار رند
وقتِ اشاعت : July 3 – 2017