|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2017

کو ئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے اسحاق ڈار کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف غیر اخلاقی غیر مہذب اور انتہائی بد تمیزی پر مبنی زبان استعمال کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 جولائی کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی وفاقی وزرا ہواس باختہ ہو کر نوچنی بلی کی مانند کھمبا نوچ رہے ہیں ۔

نواز شریف کے جرائم میں موصوف کا تحریری بیان ریکارڈ کا حصہ ہے اور ڈار کے کا یہی اعتراف نوازشریف کو چور ثابت کرنے کے لئے کافی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی کے سئنیر رہنماں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سردار رند نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات سے علی بابا چالیس چوروں کی بے چینی اور بوکھلاہٹ قابل دید ہے ایک طرف فیصلوں کے احترام کا راگ الاپا جا رہا ہے تو ساتھ ساتھ یہ دھمکی بھی دی جارہی ہے کہ کوئی بھی حادثہ ہوا تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہونگے ۔

ڈار اس بات کی وضاحت کریں کہ آیا وہ انصاف کو حادثہ قرار دے رہے ہیں یا تحقیقات کے نتیجے میں مجرموں کے تعین کی صورت میں مزاحمت کی دھمکی دے رہے ہیں کیونکہ عدلیہ اور اداروں کی تضہیک ن لیگ کا شیوہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ذات کی نہیں وطن عزیز کے عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ نوازشریف اینڈ کمپنی کے جھوٹ در جھوٹ کا دفاع سرکاری وظیفہ خوروں کے بس کی بات نہیں پوری وزارت اطلاعات و نشریات سمیت شریف حکومت کی کچن کیبنٹ زمینی حقائق کی پردہ پوشی نہیں کر سکتی ۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی سے متعلق معاملات اور ادروں کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والا ایک میڈیا گروپ چوروں کی حمایت میں حقائق کو مسخ کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے خلاف واضح طور پر صف آرا ہے اور اس گروپ کا ٹی وی چینل پی ٹی وی سے بھی ایک قدم آگے بڑھ کر نواز شریف اینڈ فیملی کے دفاع اور تشہیر میں مصروف عمل ہے ۔

چور کا یار بھی چور ہی تصور کیا جائے گا لہذا صحافتی تنظیموں کو اس جانبداری کا نوٹس لے کر ملک میں آذاد میڈیا کے تشخص کو یقینی بنانا ہوگا۔