|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2017

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مددجتک نے کہا ہے کہ بھٹو شہید کے خاندان کی قربانیوں کی وجہ سے آج پاکستان میں جمہوریت مضبوطی کی طرف گامزن ہے ۔

بھٹو شہید کے خاندان نے اپنے لہو سے جمہوریت کے پودے کو ایک تنا آور درخت بنایا ہے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور کوچیئرمین آصف علی زرداری کی مدبرانہ سوچ اور قائدانہ صلاحیتوں کے بدولت جمہوریت کی بقا ء کی جنگ لڑرہی ہے ۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات میں کوئٹہ ،چاغی ،نوشکی کے عوام ووٹ کی پرچی کے ذریعے سبز باغ دکھانے والوں کا احتساب کریں اور پیپلز پارٹی کے امیدوار سردارزادہ عمیر محمد حسنی کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں۔

یہ بات انہوں نے منگل کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ہنہ اوڑک میں سمیع اللہ کاکڑ کی رہائش گاہ پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا جلسے سے پیپلز پارٹی کے سینیٹر قیوم سومرو ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات سردارربلند جوگیزئی،فنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ، سابق وفاقی وزیرڈاکٹر آیت اللہ درانی ،شہزادہ کاکڑ، شکیل دودا اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

مقررین نے کہا کہ جیلیں، پھانسیاں،کوڑے اور قید و بند کی صعوبتیں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی پہچان ہے پیپلز پارٹی کے قائدین کی عظیم جدوجہد اور قربانیوں کی وجہ سے ہی آج پاکستان کے عوام جمہوریت کے ثمرات کا فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔

اگر ایک ڈکٹیٹر ضیاء الحق ذوالفقار علی بھٹو شہید کی منتخب حکومت کا دھڑن تختہ نہ کرتا تو آج پاکستان اقوام عالم کو لیڈ کررہا ہوتا پاکستان کی تاریخ میں 5 جولائی 1977 ء کا دن سیاہ ترین دن ہے کیوں کہ اس روز قوم کی امیدوں اور توقعات کو آمر نے روند ڈالا تھاپاکستان پیپلز پارٹی 5جولائی کویوم سیاہ کے طور پر منائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت کی بقاء کی جنگ لڑ رہی ہے جمہوریت کیلئے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو سمیت ہزاروں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قوم پرست جماعتوں نے 2013ء کے انتخابات میں عوام کو سبز باغ دکھا کر ووٹ حاصل کئے اقتدار میں آنے کے بعد قوم پرست جماعتیں عوام کے مسائل بھول کر اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں چار سال کے دوران کوئٹہ سمیت بلوچستان کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا گیا صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے آنے والے فنڈز لیپس اور کرپشن کی نظر ہورہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کا استعمال سوچ سمجھ کر کریں اور عوام سبز باغ دکھانے والوں کے بہکاوے میں نہ آئیں۔

انہوں نے کہا کہ 15جولائی کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 260کے ضمنی انتخابات میں عوام پیپلز پارٹی کے امیدوار سردارزادہ عمیر محمد حسنی کو ووٹ دیکر کامیا ب بنائیں انشاء اللہ پیپلز پارٹی ماضی کی طرح حلقہ کے عوام کو مایوس نہیں کریگی کیونکہ یہ حلقہ پیپلز پارٹی کا گڑھ رہا ہے ۔

2013ء کے الیکشن میں ایک سازش کے تحت اس حلقے سے پیپلز پارٹی کی کامیابی کو ناکامی میں تبدیل کیا گیا لیکن اب حلقے کے عوام کسی بھی ایسی سازش کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 15جولائی کا سورج پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا پیپلزپارٹی کے کارکن انتخابی مہم کو مزید تیز کریں۔