|

وقتِ اشاعت :   July 8 – 2017

کوئٹہ: ریجنل پولیس آفیسر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزا ق چیمہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دہشت گردی ، تخریب کاری اور اغواء کاری سمیت دیگر جرائم کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے شہریوں کی جانب سے بروقت تعاون حاصل ہونے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں شہریوں کو جانی، مالی نقصان سے بچایا گیا ہے ۔

حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور آئی ای ڈی دھماکوں کے حوالے سے حاصل ہونیوالی معلومات کی روشنی میں پولیس اپنا کام کر رہی ہے اور بہت جلد ان وارداتوں میں ملوث ملزمان قانون کے شکنجے میں ہونگے کوئٹہ سیف سٹی منصوبے پر بہت جلد کام کا آغاز شروع ہو جائیگا جس سے جدید الیکٹرونک ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔

گزشتہ روز اغواء کی واردات کو ناکام بنا نے میں شہری اور پولیس کے تعاون سے کامیابی ملی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ نصیب اللہ خان اور ایس پی سٹی حسین احمد لہڑی سمیت دیگر پولیس آفیسران بھی موجود تھے ۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس کی جانب سے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنا نے کے لئے انتظامات کو مربوط بنایا گیا ہے اور حالیہ ٹارگٹ کلنگ کے وارداتوں میں ملوث عناصر کی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔

بی این پی کے رہنماء ملک نوید دہوار اور بی سی اہلکار کے قتل کا تعلق ٹارگٹ کلنگ سے ہے جبکہ چشمہ اچوزئی فام ہاؤس میں ہونیوالے واقعہ سے متعلق موقع سے ملنے والے شواہد اور اسلحہ کے خول سمیت فنگر پرنٹ حاصل کر کے تحقیقات جاری ہیں اس کے علاوہ جناح روڈ پر فائرنگ کا واقعہ زمین کا تنازع تھا ۔

گزشتہ شب سریاب کے علاقے میں ٹاورپر ہونیوالے دھماکے میں ایک آئی ای ڈی پھٹ گئی جبکہ دو کا ناکارہ بنایا گیا اس سے قبل بھی مذکورہ ٹاور پر واقعہ رونما ہو چکا ہے ہم مذکورہ کمپنی کے اعلیٰ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے اور ملک بھر سمیت بلوچستان میں اس طرح کے واقعات کی تحقیقات کر کے حاصل ہونیوالی معلومات کی روشنی میں ایکٹوریشن نہیں ہونے دینگے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ گزشتہ شب شہری کی جانب سے ملنے والی معلومات کی روشنی میں پولیس نے بروقت کا رروائی کر تے ہوئے اغواء کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 ملزمان کو گرفتار کیا ہے اس کے بعد جس نمبر سے اطلاع موصول ہوئی تھی اس سے رابطہ کر کے میں نے خود اسے بتایا کہ آپ کی اطلاع پر پولیس نے کا رروائی کر کے معاملے کو حل کیا ہے ۔

اس کے علاوہ تھانہ انڈسٹریل اور ائیر پورٹ کے علاقوں میں شہریوں کی جانب سے بروقت اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کا رروائی کر تے ہوئے مذکورہ ملزمان کو زخمی کر کے وارداتوں کونا کام بنا کر ملزمان کو گرفتار کیا ہے ۔

ہماری کوشش ہے کہ جو شہری پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں ہم ان کا شکریہ ادا کر تے ہیں کیونکہ شہریوں کی مدد سے بہت سے دہشت گردی کے منصوبوں کو بروقت ناکام بنا کر ہزاروں شہریوں کی قیمتی جانوں اور مال ودولت کو ضائع ہونے سے بچایا ہے ۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک نوید کا کیس ہم حل کرینگے اس کے علاوہ دیگر کیسز کو بھی ہر صورت میں حل کر کے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے مجید خان اچکزئی کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عطاء اللہ شہید کے حادثے کے بعد جب عینی شاہدین اور الیکٹرونک معلومات کی روشنی میں ملزم کو نامزد کیا گیا ۔

کیونکہ ہمارے ٹھوس شواہد موجود ہے اور13 روز کے ریمانڈ کے بعد جوڈیشل کر دیا گیا جب کسی شخص کی کسی مقدمے میں گرفتاری ہو تی ہے تو پر صوبہ بھر میں اے اور بی ایریا سمیت محکمہ داخلہ کو بھی مراسلہ لکھتے ہیں تو اس حوالے سے اپنا ریکارڈ چیک کر کے معلومات دیں ۔

کہ وہ کسی مقدمے میں ملوث تو نہیں اس لئے وہ 2009 میں اغواء جبکہ 1992 میں قتل کے مقدمے میں ملوث تھے مذکورہ مقدمات کے مدعیوں سے رابطہ کر کے تمام معلومات کی روشنی اور کیسز کے حوالے سے ان کے خلاف کا رروائی شروع کی گئی ہے۔

کوئٹہ سیف سٹی کے منصوبے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ سیف سٹی منصوبہ مکمل کرنے کے لئے حکومت بہت جلد ورک آرڈر جاری کر رہی ہے ۔