اسلام آباد: پاناما تحقیقات کا آج آخری دن ، جے آئی ٹی کل اپنی رپورٹ سپریم کور ٹ میں جمع کرائے گی۔ شریف خاندان نے جے آئی ٹی کو اضافی دستاویزات جمع کرا دیں۔ قطری شہزادے کی ٹال مٹول کے باعث بیان تاحال ریکارڈ نہ کیا جا سکا۔
تفصیلا ت کے مطابق پانامہ کیس کی تحقیقات کیلئے سپریم کو رٹ کی جانب سے جے آئی ٹی کو فراہم کیا گیا وقت آج ختم ہو گیا ہے ۔ کل 10جولائی بروز پیر جے آئی ٹی اپنی 63روزہ رپورٹ سپریم کور ٹ کے حوالے کر ے گی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق پاناما کیس میں شریف خاندان نے جے آئی ٹی میں اضافی دستاویزات جمع کرا ی ہیں۔ اضافی دستاویزات منی ٹریل کے ثبوت کے طور جمع کرائی گئی ہیں۔اضافی دستاویزات میں العزیزیہ اسٹیل کمپنی جدہ کا ایک چیک بھی شامل ہے جس کی مالیت 2 کروڑ 6 لاکھ 30 ہزارسعودی ریال ہے۔
سعودی ہولانڈی بینک کے چیک پر 22 مارچ 2005 کی تاریخ درج ہے۔دبئی میں الثانی خاندان سے بزنس پارٹنرشپ سے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں۔دوسری جانب قطری شہزادے کی جانب سے مسلسل جے آئی ٹی کے دائرہ اختیار کو تسلیم نہ کرنے اور ٹال مٹول کے باعث تاحال ان کا بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکا۔
آج آخری دن تک شہزادہ حمد بن جاسم کا بیان ریکارڈ نہ ہونے کی صورت میں جے آئی ٹی اس کے بغیر ہی اپنی رپورٹ سپریم کورٹ کے حوالے کر دے گی۔ اس حوالے سے جے آئی ٹی قطری شہزادے کو پہلے ہی خط کے ذریعے آگاہ کر چکی ہے کہ ان کا بیان نہ ہونے کے اثرات ان کے سپریم کور ٹ میں پیش کردہ خطوط پر ہوں گے۔
گذشتہ روز ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں پاناما لیکس مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا اجلاس جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد میں ہوا،جس میں جے آئی ٹی نے قطری شہزادے کی جانب سے بھجوائے گئے چوتھے جواب کا جائزہ لیا، جس میں انہوں نے ایک بار پھر پاکستانی سفارتخانے آ کر بیان ریکارڈ کرانے سے انکار کر دیا ہے۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اب تک قلمبند کیے گئے بیانات، فراہم کردہ دستاویزات اور ریکارڈ کی روشنی میں سپریم کورٹ میں جمع کرانے کیلئے تحقیقاتی رپورٹ تیار کررہی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے جے آئی ٹی کو تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ 10 جولائی تک جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔
جے آئی ٹی کل رپورٹ پیش کرے گی ،قطری کابیان نہ لینے کا فیصلہ
وقتِ اشاعت : July 9 – 2017