|

وقتِ اشاعت :   July 9 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کشمیری مجاہد برہان وانی کی برسی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کرنے والے نہتے کشمیروں پر بھارتی افواج کے مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ظلم وجبر سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔

برہان وانی اور ان جیسے دیگر شہداء کی قربانیاں کشمیر کی تحریک آزادی کی کامیابی کی بنیاد بنیں گی۔ برہان وانی کی برسی کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ برہان وانی نے اپنے خون کے ذریعہ تحریک آزادی کی آبیاری کی اور ان کی شہادت نے تحریک آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے جسے روکنا اب بھارت کے بس میں نہیں رہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ برہان وانی ایک نظریہ کا نام ہے جو کشمیری بھائیوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ اگر بھارت سمجھتا ہے کہ وہ طاقت کے ذریعہ اس نظریہ کو دبادے گا تو یہ اس کی بھول ہے۔

انہوں نے کہا کہ برہان وانی کی شہادت سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت کے حصول کے لئے برسوں سے جاری تحریک میں تیزی آئی ہے جو جلد کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

پاکستانی قوم کی اخلاقی حمایت ہمیشہ کشمیریوں کو حاصل رہے گی۔ وزیراعلیٰ نے عالمی برادری سے کشمیری عوام پرمسلط8 لاکھ سے زائد افواج کے مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔