اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان کی ذہنی حالت پر تشویش ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ جے آئی ٹی پر تحفظات بدستور برقرار ہیں، سپریم کورٹ نے تصدیق کردی ہے کہ وزیراعظم کی کوئی کرپشن سامنے نہیں آئی، پاناما صرف اقتدار کی ہوس، جھوٹ اور اپوزیشن کے تماشے کا مقدمہ ہے، عمران روز اداروں کی تضحیک اور عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قانون کی پاسداری کے لیے نواز شریف نے 40 سال پرانا ریکارڈ پیش کردیا، بنی گالا میں بیٹھے شخص کی ذہنی حالت پر تشویش ہے، عمران الیکشن کمیشن اور دہشت گردی کے مقدمے میں عدالت میں پیش کیوں نہیں ہوتے، انہوں نے یہودیوں سے فارن فنڈنگ لی ہے، وہ تین عدالتوں کے اشتہار ہیں، سپریم کورٹ میں روز کوشش کی جاتی ہے کہ کہیں سے نواز شریف کیخلاف ثبوت مل جائے لیکن ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ سے انصاف ملے گا اقتدار نہیں، سپریم کورٹ میں سیاسی یتیموں کا میلہ لگا ہوا ہے، جب تک بددیانتی نہ ہو ہمیں مجرم قرار نہیں دیا جاسکتا، جن کے پاس ایک سیٹ بھی نہیں وہ بھیک مانگنے سپریم کورٹ آجاتے ہیں، سیاسی لولے لنگڑے اس امید پر عدالت آتے ہیں کہ کوئی فائدہ مل جائے اور عوامی عدالت سے مستردشدہ سیاستدانوں کا سپریم کورٹ کے باہر میلہ لگا ہوا ہے۔
وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اورانکی فیملی کا احتساب پوری قوم دیکھ رہی ہے لیکن سیاسی بونوں کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوں گی۔