|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2017

اسلام آباد: قومی نصاب کونسل (این سی سی) نے پہلے قومی نصاب فریم ورک کی منظوری دیدی، فریم ورک کی تیاری سے صوبوں کو بہتر نصاب کی تیاری میں مدد ملے گی۔

وفاقی حکومت ابتدائی طور پر پانچویں جماعت تک کے نصاب پر نظرثانی کر رہی ہے، نظرثانی شدہ نصاب وفاقی دارالحکومت کے زیر انتظام علاقوں کے سکولوں میں پڑھایا جائے گا، آئندہ نصابی کتب نئے نصاب کے مطابق مرتب ہوں گی اور یہ عمل رواں سال ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔

منگل کو قومی نصاب فریم ورک کی منظوری این سی سی کے آٹھویں اجلاس میں دی گئی۔ وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت بلیغ الرحمان نے اس تاریخی کامیابی پر قومی نصاب کونسل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی نصاب فریم ورک کے مشترکہ طور پر منظور ہونے سے نصاب کی تیاری میں ضروری گائیڈ لائن ملے گی۔

قومی نصاب کونسل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ تعلیمی نصاب کے حوالے سے قومی سطح کی پالیسی ڈاکومنٹ کی تیاری ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس سے قومی سطح پر کم از کم نصاب کی ترقی کیلئے کوششوں کو تقویت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک صوبائی سبجیکٹ ہے اور صوبوں کو اپنے نصاب کو فروغ دینے کی اجازت ہے تاہم ایک متفقہ منظور شدہ قومی نصاب ایک احسن اقدام ہو گا اس سے تعلیم کو فروغ حاصل ہو گا اور پورے ملک میں تعلیم کا معیار یکساں رکھنے میں مدد ملے گی۔

بلیغ الرحمان نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ابتدائی طور پر پانچویں جماعت تک کے نصاب پر نظرثانی کی ہے اور یہ نصاب وفاقی دارالحکومت کے زیر انتظام علاقوں کے سکولوں میں پڑھایا جائے گا۔ آئندہ نصابی کتب نئے نصاب کے مطابق مرتب کی جائیں گی اور یہ عمل اس سال ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا۔