|

وقتِ اشاعت :   July 29 – 2017

کوئٹہ: پا کستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی نا اہلی دراصل نئے پا کستان سے سفر کی ابتداء ہے ۔

70سال سے قوم کے وسائل کو لوٹنے والوں کے احتساب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ،بلوچستا ن کے عوام کے وسائل لوٹنے والے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کا احتساب بھی جناح روڈ پر ہوگا ،انہوں نے یہ بات جمعہ کو پا ناما کیس کا فیصلہ آنے کے بعد کوئٹہ پر یس کلب میں ہنگا می پریس کانفر نس کر تے ہوئے کہی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی بلوچستان کے سنےئر نائب صدر میر اسماعیل لہڑی ،سردار خادم حسین وردگ ،امین اللہ رئیسانی ،بابر یوسفزئی و دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ،سردار یا ر محمد رند نے کہا کہ سپر یم کورٹ کے فیصلے پر پوری قوم بلخصوص بلوچستان کی عوام مبارک باد کی مستحق ہے جن لوگوں نے ستر سال سے ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا ہے انکا احتساب شروع ہوگیا ہے ۔

حکمران ٹو لے نے رسوائی سے دو چار ہوکر سپر یم کورٹ کے فیصلے کے آگے سر تسلیم خم کردیا ،انہوں نے کہا کہ اب اکیلے نواز شریف کے خا ندان کا نہیں بلکہ پورے پا کستان میں جن جن لوگوں نے کرپشن کی اور ملک کی دولت کو لوٹا ان سب کا احتساب ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے فرد واحد ہو تے ہوئے کرپشن ،ظلم کے نظام اور زیادتی کے خلاف آواز اٹھائی اور اس جنگ کو اکیلے لڑا اور آج اللہ کی مدد سے ہم نے اس جنگ میں فتح حاصل کی ہے یہ فتح نئے پا کستان کی ابتداء کی جانب پہلا قدم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سابق اور موجودہ حکمرانوں نے یہاں بسنے والی پشتون، بلوچ ، سیٹلر تما م عوام کے وسائل کولوٹا ان کا بھی احتساب جلد ہوگا اور یہ احتساب عوام کے سامنے جناح روڈ کے چوراہوں پر ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ نواز شریف لال بتی کے پیچھے لگ گیا ہے اب اسے کوئی نہیں روک سکتا تو وہ دیکھ لیں کہ نواز شریف آج اپنی اصل منزل پر پہنچ گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان پا کستان کی پہچان اور اصل پا کستان ہے یہاں کے عوام غریب نہیں ہیں وہ سونے ،چاندی، ما دنیات جیسی دولت سے مالا ما ل ہیں اور ہم اقتدار میں آکر بلوچستان سمیت پورے پا کستان میں خوشحا لی کا نیا دور لائیں گے ،انہو ں نے پی ٹی آئی کے کا رکنوں کو ہدایت دی کہ وہ نمازجمعہ کے ساتھ دو رکعت نماز شکرانہ بھی ادا کریں اس موقع پر کارکنوں میں مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔