|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2017

بیجنگ: چینی صدر شی جن پنگ نے پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کے 90 برس مکمل ہونے کے موقع پر ہونے والی فوجی پریڈ کا معائنہ کیا اور دشمنوں کو خبردار کیا کہ چینی فوج حملہ آوروں کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق چینی صدرشی جن پنگ نے کسی ملک کا نام لیے بغیر اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی انتہائی باصلاحیت اور بااعتماد فوج ہے جو ہر طرح کے دشمنوں کو شکست دینے کی قابلیت رکھتی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے فوجی جوانوں کو تلقین کی کہ انہیں چینی کمیونسٹ پارٹی کی قیادت کی پیروی کرنی چاہیے اور اس سمت میں چلنا چاہیے جس کی نشاندہی پارٹی کرے۔

دنیا کی سب سے بڑی فوج کے کمانڈر چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر فوجی پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ جدید جنگی طیاروں اور دفاعی ساز و سامان کی بھی نمائش کی گئی۔ فوجی پریڈ کا انعقاد چین کے شمالی علاقے میں واقع ژوریہے ٹریننگ بیس میں کیا گیا جس میں ہزاروں فوجیوں نے حصہ لیا۔

چین میں عام طور پر آرمی ڈے یکم اگست کو منایا جاتا ہے اور یہ 1949 کے بعد پہلا موقع ہے جب چین میں آرمی ڈے کے موقع پر فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا ہے جبکہ چینی صدر نے بھی پہلی بار اس طرح فیلڈ میں جاکر فوجی پریڈ کا معائنہ کیا ہے۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے آرمی ڈے کو بھرپور طریقے سے منانے کا مقصد دشمن ممالک کو پیغام دینا ہے کہ چین کی فوج ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ ان دنوں بھارت اور چین کی فوجوں کے درمیان سرحد پر کشیدگی اپنے عروج پر ہے۔