|

وقتِ اشاعت :   August 12 – 2017

قاہرہ: مصر میں دو ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 44 افراد جاں بحق اور 180 زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق مصر کے ساحلی شہر اسکندریہ کے قریب دو ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 44 افراد ہلاک اور 180 سے زائد زخمی ہوگئے۔ مصری حکام کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور بوگیاں کاٹ کر زخمیوں اور لاشوں کو نکالا جارہا ہے۔ مصری ریلوے اتھارٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ضلع خورشید کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین کو پیچھے سے آنے والی دوسری ٹرین نے ٹکر ماردی جو قاہرہ سے اسکندریہ جارہی تھی۔

ٹکر مارنے والی ٹرین کے ڈرائیور نے خود کو پولیس کے حوالے کردیا ہے جسے تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ٹرین خراب ہونے کی وجہ سے خورشید اسٹیشن پر کھڑی تھی جب کہ عینی شاہدین نے بھی ٹرین کی حالت کو کافی خستہ حال قرار دیا۔ واضح رہے کہ مصر میں ٹرینوں کے حادثات عام ہیں۔