اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے پاکستان کے 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد کنویشن سینٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اختلافات بھلا کر ایک دوسرے کا ساتھ نبھانا ہوگا۔
اسلام آباد کنونشن سینٹر میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ نوجوان اور بعض بچے مستقبل کے بارے میں پریشانی کا اظہار کرتے ہیں لیکن چیلنجز پر قابو پاکر ہی اعلیٰ مقام حاصل کیا جاسکتا ہے، نوجوان دانشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی مقاصد کے حصول کا ذریعہ بن جائیں ،انہوں نے کہا کہ قوم کا مزاج بنیادی طور پر جمہوری اور پارلیمانی ہے، نوجوانوں کی بے چینی اور وطن کو درپیش چیلنجز پر غیر جذباتی انداز میں توجہ دینے کی ضرورت ہے، ترقی اور خوشحالی کیلئے اختلافات بھلاکر ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا۔
صدر ممنون نے کہا کہ قوم کو حکمران اور قائدین سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ، قوم توقع رکھتی ہے کہ قائدین گروہی مقاصد سے اوپر اٹھ کر ملک کے مستقبل کی نگہبانی کریں گے، انہوں نے سیاسی لیڈر اور حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ذمے داران رنجشوں پر قابو پاکر قومی مفاد میں آئین پاکستان پر متحد ہوجائیں ۔
چینی نائب وزیر اعظم کی سربراہی میں خصوصی وفد کی جشن آزادی کی تقریبات میں خصوصی شرکت پر صدر مملکت نے کہا کہ چینی وفد نے پاکستان کے یوم آزادی کی خوشیوں میں شرکت کرکے ہماری خوشیوں کو دوبالا کردیا، پاک چین تعلقات خطے میں امن کی ضمانت ہے۔