تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ اگر امریکا نے نئی پابندیاں لگائیں تو عالمی طاقتوں سے کیا گیا ایٹمی معاہدہ چند گھنٹوں میں ختم کردیا جائے گا۔
غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے طرز عمل سے ثابت کردیا کہ امریکا اچھا پارٹنر نہیں۔
روحانی نے دھمکی دی کہ اگر امریکا نے اپنی روش برقرار رکھی تو ایران بھی ایٹمی معاہدہ ختم کرنے کو تیار ہے، پچھلی امریکی حکومتیں بھی پابندیوں اور دھونس دھمکی کی پالیسی کی ناکامی کے بعد مذاکرات کرنے پر مجبور ہوگئی تھیں۔
ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اگر امریکا دوبارہ سے وہی پالیسی اپنانا چاہتا ہے تو یقینا ایران بھی مختصر سے عرصے میں مہینوں اور ہفتوں میں نہیں بلکہ چند گھنٹوں میں معاہدہ ختم کرنے پر تیار ہے اور ہم پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوکر اپنی پچھلے حالت کی طرف لوٹ جائیں گے۔
حسن روحانی نے کہا کہ ٹرمپ نہ صرف ایران بلکہ امریکی اتحادیوں کے لیے بھی ناقابل بھروسہ ساتھی ثابت ہوئے ہیں، حالیہ مہینوں میں پوری دنیا نے دیکھا کہ امریکا نے ایرانی معاہدے کے ساتھ ساتھ متعدد دیگر عالمی معاہدے بھی توڑ دیے اور ثابت کیا کہ امریکا نہ اچھا پارٹنر ہے اور نہ ہی بات چیت کے قابل بھروسہ مند ساتھی ہے۔