اسلام آباد: وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں ایل او سی پر بھارتی افواج کی فائرنگ کے واقعات پرتشویش اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی۔
وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ، ائیرچیف، نیول چیف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ، وزیرداخلہ احسن اقبال، وزیرخارجہ خواجہ آصف سمیت دیگر اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں داخلی، خارجی اور سلامتی کی صورتحال سمیت خارجہ پالیسی کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا، اجلاس میں افغانستان میں امن واستحکام کے لیے تعاون جاری رکھنے، دہشت گردی کے نیٹ ورک اور سرحد پارک فائرنگ کے خاتمے کے لیے افغانستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں کمیٹی نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی فائرنگ کے واقعات پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی جب کہ اجلاس کے شرکا کا کہنا تھا کہ علاقائی امن وخوشحالی کا براہ راست تعلق مسئلہ کشمیر کے حل میں ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں کامیابی پر اطمینان کا اظہار کیا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔