|

وقتِ اشاعت :   August 28 – 2017

بیجنگ: پاکستان چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تناظر میں ہزاروں چینی شہری پاکستان آرہے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کی مطابق ہزاروں چینی باشندے سیکورٹی خطرات کو مسترد کرکے روزگار کی تلاش میں پاکستان آرہے ہیں۔ چینی حکومت سی پیک منصوبے پر پاکستان میں 57 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کررہی ہے۔

بعض چینی باشندے پاکستان میں چینی زبان سکھانے کے اسکول کھول رہے ہیں تو بعض چینی کھانوں کے ہوٹلز کا کاروبار شروع کررہے ہیں۔ زیادہ تر شہری پاکستان میں تجارت کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں ۔ پاکستان آنے والے چینی شہری اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ یہاں کون سی مصنوعات زیادہ مقبول ہوں گی یا پاکستان میں کون سی مصنوعات سستے داموں بنا کر دیگر ممالک کو برآمد کی جاسکتی ہیں۔

چینی شہری ژہانگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین میں بہت ساری صنعتوں میں اب مواقع ختم ہوچکے ہیں، مگر پاکستان ترقی میں چین سے پیچھے ہے اس لیے یہاں زیادہ مواقع دستیاب ہیں تاہم پاکستان میں چینی شہریوں کو خطرات کا بھی سامنا ہے جس کا اندازہ اس واقعے سے لگایا جاسکتا ہے کہ جون میں بلوچستان میں داعش نے دو چینی شہریوں کو اغوا کے بعد قتل کردیا تھا۔

پاکستان کی حکومت نے چینی شہریوں کی آمد کا ڈیٹا جاری نہیں کیا لیکن وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق 2016 میں 71 ہزار چینی باشندوں نے پاکستان کا سفر کیا۔ امیگریشن حکام کے مطابق پچھلے سال 27 ہزار 596 چینی شہریوں کے ویزا میں توسیع کی گئی، جو 2015 کے مقابلے میں 41 فیصد زیادہ ہے، جس سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ سے زیادہ چینی پاکستان میں قیام میں توسیع کے خواہاں ہیں۔