|

وقتِ اشاعت :   September 15 – 2017

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے کچھی کینال منصوبے کے افتتاح کے موقعے پر وزیر اعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے کچھی کینال کے منصوبے کے افتتاح پر حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا آج وزیر اعظم جس کچھی کینال کی بنیاد کا کریڈٹ میاں نواز شریف کو دے رہے ہیں یہ حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہے ۔

کچھی کینال منصوبے کی بنیاد سابق صدر پاکستان جنرل مشرف نے رکھی تھی اور اس منصوبے کے تحت 90 ہزار ایکڑ سے زائد زرعی اراضی سیراب ہونی تھی اور منصوبے پر آنے والی لاگت بھی موجودہ لاگت سے کم تھی ۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت صرف قومی منصوبوں کے زریعے دولت اور کمیشن بنانا چاہتیہھے ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعظم کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ان کا کہنا تھا کہ جس طرح وزیر اعظم نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وزیر اعظم کو منصوبے کے بارے میں کوئی خاص معلومات نہیں تھی ۔

احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اس وقت ملک کے مقبول ترین لیڈر ہے انہوں نے پانامہ کے مجرموں کو ان کے کیفرکردار تک پہنچایا ہے اور آئندہ بھی پاکستان کی دولت لوٹنے والوں کا محاسبہ کیا جائے گا انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت کی تعریفوں کے جس طرح پل باندھے گئے عوام ان سے بخوبی واقف ہے گزشتہ ساڑھے چار سال میں حکومت کی گڈ گورننس کھل کر سامنے آگئی ہے عوام کو مزید جھوٹ بول کر بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے کا جو دعوی کیا ہے وزیر اعظم کو چاہیئے کہ اب اس کو عملی جامعہ پہنائیں اور منصوبے کو بروقت مکمل کریں۔