اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ ( او جی ڈی سی ایل ) نے ایکسپلوریٹری ویل ٹنڈوالہ یار ساوتھ ویسٹ نمبر1 سے گیس و کنڈنسیٹ تیل کے ذخائر دریافت کر لئے ہیں ، جو ضلع حیدرآباد ، صوبہ سندھ میں واقع ہے ۔
او جی ڈی سی ایل ٹنڈو الہ یار ویل نمبر 1 پر بطور آپریٹر کام کر رہی ہے اور کمپنی کے حصص 95 فیصد ہیں جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگ پرائیویٹ لمیٹڈ اس میں پانچ فیصد کی حصہ دار ہے ۔ ایکسپلوریٹری ویل ٹنڈوالہ یار ساوتھ ویسٹ نمبر1 کی کھدائی اور تجزئیے کے لئے مکمل طور پر او جی ڈی سی ایل کے ماہرین پر انحصار کیا گیا ۔
کنویں کی کھدائی 3250 میٹر تک کی گئی ۔ جہاں پر 10 ایم ایم ایس سی ایف گیس اور 72 بیرل کنڈنسیٹ تیل یومیہ 32/64 چوک کے ذریعے حاصل ہو گا اور ویل ہیڈ فلوئینگ دباو 2440 فی مربع انچ ( پی ایس آئی ) ہے ۔
او جی ڈی سی ایل کی تیل و گیس کی یہ دریافت کمپنی کی شاندار حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔ اس دریافت سے ہائیڈروکاربن کے ملکی ذخائر میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔ جس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔
اوجی ڈی سی ایل نے گیس کے نئے وسائل دریافت کرلئے
وقتِ اشاعت : September 26 – 2017