|

وقتِ اشاعت :   September 27 – 2017

کوئٹہ :  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے مقامی عوام کے نمائندوں کا ایک نمائندہ وفد نے ملک عبدالولی کاکڑ کی قیادت میں گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں صوبائی صدر سنیٹر عثمان خان کاکڑ سے ملاقات کی ۔

وفد میں مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنماء اور کوئٹہ کے کاسی ، بازئی ، ےٰسین زئی ،شاہوانی ،سرگڑھ، سید اور دیگر عوام کے نمائندے ملک عبدالولی کاکڑ ، ملک نصیر احمد شاہوانی ، حاجی عبدالرحمن بازئی ، ڈاکٹر عبدالظاہر بازئی ، محمد حنیف خان ، حضرت افغان ، ارباب عبدالقادر کاسی ، ملک باز محمد بازئی، سید خان محمدشاہ چشتی ، حبیب الرحمن بازئی ، محمد اکرم ملازئی ، ملک محمد یوسف ےٰسین زئی ، ملک اسلم کاسی ، محمد انور خان ، پروفیسر عصمت اللہ کاکڑ ودیگر شامل تھے۔ 

اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی مشیر عبید اللہ جان بابت ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ وفد نے ضلع کوئٹہ اورپورے صوبے میں مقامی عوام اور زمینداروں کی جدی پشتی ، پدری اراضیوں اور ملکیتوں پر ریاستی اداروں کے غیر آئینی وغیر قانونی قبضوں اور سیٹلمنٹ نہ ہونے کے سنگین مسئلے سے آگاہ کیا ۔ 

اور کہا کہ اس وقت پورے صوبے میں فوری طور پر سیٹلمنٹ کے ذریعے عوام کے آبائی زمینوں پر ان کی ملکیت کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے نام پر منتقل کرنے اور ریاستی اداروں کی جانب سے قبضہ شدہ زمینوں کا زمینداروں کو فوری طور پر مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ ادا کرنا لازمی ہے ۔

اور محکمہ سیٹلمنٹ کی جانب سے بندوبست کی آڑ میں 25فیصد کے مطالبے کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے 1988سے کی گئی ہر قسم کی الاٹ منٹ منسوخ کی جائیں۔ 

اس موقع پر پارٹی کے صوبائی صدر سنیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا کہ پشتونخوامیپ کا اس سلسلے میں موقف بہت واضح ہے اور پارٹی نے صوبائی اسمبلی ، صوبائی کابینہ ،قومی اسمبلی اور سینٹ میں عوام کے آبائی زمینوں اور ملکیتوں کی تحفظ اور ان پر ریاستی اداروں کے قبضوں کی روک تھام کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مختلف ادوار میں عوامی احتجاج کے ذریعے آواز بلند کی ہے ۔