|

وقتِ اشاعت :   September 29 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ بلوچستان کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر،ممبران گل عالم خان اور ارسلاء خان نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 3فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے منیجنگ پارٹنرز ،منیجنگ ڈائریکٹرز سمیت دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاہے کہ وہ فارما سروو فارماسیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈاورڈرگ فارماسیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ کے ادویات سازی کالائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔

ڈرگ کورٹ نے غیر معیاری ،غیر رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کی خرید وفروخت کرنیوالے سیل شدہ میڈیکل کو دوبارہ کھولنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے میڈیکل مالک ودیگر کیخلاف مقدمہ درج کرنے اورمیڈیکل کو سیل کرنے کے بھی احکامات دئیے اس کے علاوہ عدالت نے 7میڈیکل سٹورز مالکان کی عدالت میں عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردئیے گئے ۔

گزشتہ روز ڈرگ کورٹ بلوچستان میں غیر معیاری اور غیر رجسٹرڈ وزائدالمعیاد ادویات کی خرید وفروخت کے حوالے سے درج مقدمات کی سماعت ہوئی تو عدالت نے ڈرگ فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ پارٹنرز طاہر نواز ،گلش بٹ اور عبدالجبار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریعہ مراسلہ حکم دیاکہ وہ مذکورہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے ۔

اس کے علاوہ فارما سروو فارماسیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ کیس کی بھی سماعت ہوئی تو مذکورہ کیس میں نامزد ملزم انور خان عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوسکے جس پر عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو بذریعہ مراسلہ حکم دیا کہ وہ مذکورہ کمپنی کا بھی لائسنس منسوخ کرکے ڈرگ کورٹ کو آگاہ کرے ۔

اس کے علاوہ گزشتہ روز میڈی میکرز فارماسیوٹیکل کمپنی کے خلاف دائر کیس کی بھی سماعت ہوئی تاہم منیجنگ ڈائریکٹر عبدالشکور اور کوالٹی کنٹرول انچارج منصب قریشی عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت نے دونوں ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔

عدالت نے غیر معیاری اور ان رجسٹرڈ اور زائد المعیاد ادویات کے الزام میں سیل کئے جانے والے الفلاح میڈیکل کوئٹہ کو دوبارہ کھولنے پر سخت برہمی کااظہار کیا اور ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے میڈیکل کو دوبارہ سیل کرنے کی ہدایت کی اور تنبیہ کی کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو عدالت ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف کارروائی کیلئے احکامات دیگی ۔

گزشتہ روز عمران میڈیکل سٹور کے محمد عمران ،عرفان میڈیکل سٹور کے محمد عرفان ،نیو کمپلیکس میڈیکل سٹور اینڈ کلینک کے عبدالوہاب ،ہمدرد فارمیسی کے مالک شمس اللہ ،صادق میڈیکل سٹور کے محمد صادق ،امارات میڈیکل سٹور کے سید محمد ،جونسال میڈیکل سٹور کے انیس جونسل کے سماعت کے موقع پر عدالت کے روبرو پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ڈرگ کورٹ نے متعلقہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے عدالت کے سامنے پیش کرے ۔بعدازاں مقدمات کی سماعت کو ملتوی کردیاگیا۔