کوئٹہ : ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ حامد کرزئی کی جانب سے امریکہ پر بہت بڑے الزامات عائد کیے گئے ہیں جسے سنجیدگی سے دیکھنے کی ضرورت ہے امریکہ زمہ دار ریاست ہے اس کے دہشت گرد تنظیم داعش کے ساتھ مبینہ طور پر روابط 9/11سے بھی بڑا زلزلہ ہوگا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے’’آن لائن‘‘سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سابق افغان صدر حامد کرزئی کے حالیہ امریکہ مخالف بیان نے مریکہ او ر نیٹو فورسز پر کئی سوالات اٹھا ئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حامد کرزئی کے اس بیان کو سنجیدگی سے لینے کی اشد ضرورت ہے حامد کرزئی کی جانب سے امریکہ پرالزام نے پوری دنیا میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ اور اتحاد کا نقشہ ہی بدل دیادہشت گردی کے خلاف پورا خطہ کئی سالوں سے جنگ لڑرہا ہے اور ایسے میں حامد کرزئی کی جانب سے امریکہ پر لگائے گئے الزامات نے کئی سوالات اٹھا دئے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ داعش مشرقی افغانستان میں موجود ہے جس بات کی تصدیق افغان حکومت اور حامد کرزئی نے بھی کر دی ہے افغانستان کے علاقے ننگرہار اور دیگر علاقے داعش کا گڑھ ہیں جبکہ بلوچستان اور پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں داعش کی موجودگی افغانستان کے اندر ہے جو امریکہ اور نیٹو فورسز پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔