کراچی : کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کی سندھ کمیٹی کے اجلاس میں حکومت سندھ کے سرکاری اشتہارات کی اشتہاری ایجنسی ’’میڈاس پرائیویٹ لمیٹیڈ‘‘ کی جانب سے اخبارات کو بقایاجات کی عدم ادائیگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اخبارات کے مدیران، صحافی اور دیگر عملہ مسلسل عدم ادائیگیوں کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔
نائب صدر عامر محمود کی زیر صدارت منعقدہ سی پی این ای سندھ کمیٹی کے اجلاس میں سندھ حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سندھ اس امر کو یقینی بنائے کہ سندھ کے سرکاری اشتہارات کی ادائیگی اخبارات کو وصول ہوں۔
سندھ حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ وہ صوبہ سندھ کے سرکاری اشتہارات کے لئے ان کی منتخب کردہ اشتہاری ایجنسیوں کی نادہندگی اور بدعنوانیوں کی روک تھام کی خاطراخبارات کو براہ راست ادائیگیوں کا طریقہ کار بنائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ سی پی این ای اب سندھ کی حکومت کی جانب سے اشتہارات کی تقسیم اور ان کی ادائیگیوں کو یقینی بنانے کے لئے نگرانی کرے تاکہ شفافیت کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ ان مطالبات کو حکومت سندھ تک پہنچانے کے لئے سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ سے ملاقات کی جائے گی۔
اجلاس میں بلوچستان میں اخبارات کو درپیش شدید مشکلات کے باوجود حالات کا سامنا کرنے پر اظہار یکجہتی کرتے ہوئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا گیا۔
اجلاس میں سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل اعجازالحق، سندھ کمیٹی کے ڈپٹی چیئرمین فقیر منٹھار منگریو، نائب صدر انور ساجدی، سینئر اراکین ڈاکٹر جبار خٹک، قاضی اسد عابد، غلام نبی چانڈیو، حامد حسین عابدی، عبدالخالق علی، امین یوسف، مقصود یوسفی، عبدالرحمان منگریو، محمد یونس مہر، عثمان عارب ساٹی، شیر محمد کھاوڑ، ناصر داد بلوچ، فیصل زاہد ملک، مبشر میر، نصیر احمد اعوان، تقی علوی، مظفر اعجاز، سلمان قریشی، وحید جمال، عارف بلوچ، بشیر احمد میمن، سید محمد رضا شاہ، قاضی سجاد اکبر، قاضی مصطفی، زاہدہ عباسی اور تانیہ بلوچ نے شرکت کی۔