|

وقتِ اشاعت :   November 29 – 2017

کوئٹہ :  انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کوئٹہ ون کے جج جناب داؤدخان ناصر نے نواب زادہ گزین مری کی کالعدم تنظیموں سے روابط او ر ان کی معاونت سے متعلق کیس میں جوڈیشل ریمانڈ میں 12دسمبر تک توسیع کے احکامات دے دئیے ہیں ۔

گزشتہ روز نواب زادہ گزین مری کو سخت سیکورٹی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت لایاگیا ان کے خلاف کالعدم تنظیموں سے روابط اور ان کی معاونت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی اس موقع پر نواب زادہ گزین مری کے وکیل ارباب طاہر ایڈووکیٹ اور اسپیشل پبلک پراسکیوٹر زاہد علی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے عدالت نے نواب زادین گزین مری کی جوڈیشل ریمانڈ میں 12دسمبر تک توسیع کے احکامات دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی ۔

یاد رہے کہ عدالت ہذاء میں مذکورہ کیس میں نواب زادہ گزین مری کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر پہلے ہی فیصلہ محفوظ کیاجاچکاہے جس سے آج بروز بدھ سنائے جانے کاامکان ہے ۔واضح رہے کہ نواب زادہ گزین مری کو خودساختہ جلا وطنی کے خاتمے کے بعد کوئٹہ پہنچے پر ائیرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا تھا ۔

ان کے خلاف جسٹس نواز مری قتل کیس اور دیگر بھی دائر ہے تاہم انہیں جسٹس نواز مری قتل کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوئٹہ کی جانب سے 10لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر ضمانت دی جاچکی ہے ۔