|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2017

کوئٹہ: وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دشمن بلوچستان کو ہدف بناکر ملک کو عدم استحکام کا شکار اور پاک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں دھرنے یا انتشار کی سیاست کا فائدہ دہشت گردوں کو ہوگا جو بے یقینی پیدا کرنا چاہتے ہیں یہ وقت ٹانگیں کھینچنے کا نہیں بلکہ ہاتھ پکڑ کر ایک دوسرے کا ساتھ دینے کا ہے دہشت گردانسانیت کے دشمن ہیں ۔

بانی قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق پاکستان میں اقلیتوں کو انکے عقیدے کے مطابق مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو میتھوڈیسٹ چرچ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف ، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج،آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ چار سال کے دوران پاک فوج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے مگر ابھی دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری ہے اور فراردہشت گرد مغربی سرحد سے دوبارہ ملک میں داخل ہوکر دہشت گردی کررہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب امن ،بھائی چارے اور سلامتی کا درس دیتے ہیں دہشت گرد کسی مذہب کے نہیں بلکہ انسانیت کے دشمن ہیں اسوقت حالات کا تقاضا ہے کہ پاکستان میں امن ،یکجہتی اور استحکام کو فروغ دیتے ہوئے وطن عزیز کی بقاء اور سلامتی کیلئے تمام سیاسی جماعتیں اپنا کردارادا کریں کیونکہ ملک میں کسی بھی سیاسی عدم استحکام کا فائدہ دشمنوں کو ہوگا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ کوئٹہ کی سیکورٹی کو مزید بہتر ،داخلی راستوں کو محفوظ بنانے کیلئے کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ پر جلد کام کا آغاز کیا جارہا ہے،اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے جمعہ کو میتھوڈیسٹ چرچ کوئٹہ کا دورہ کیا ۔

انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری نے وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کو 17دسمبر2017کو چرچ پر حملے کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس اورسیکورٹی فورسز نے دلیری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے چرچ میں موجود مرد و خواتین اور بچوں کوبچاکربحفاظت چرچ سے باہر نکالا جبکہ بزدلانہ حملے میں 9افراد جاں بحق اور 50سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ کوئٹہ میں 39گرجا گھروں کیلئے فول پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔

اس موقع پر وفاقی وزیرمذہبی امور سردار محمد یوسف ،رکن قومی اسمبلی خلیل جارج ، صوبائی وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر حامد اچکزئی ،رکن صوبائی اسمبلی انیتا عرفان، ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوارڈی نیٹرعلاؤ الدین کاکڑ،بھی موجود تھے۔ 

وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے پادری سائمن بشیر اور مسیحی برادری کے دیگر افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چرچ پر حملہ کرنے والے وطن عزیز اورانسانیت کے دشمن ہیں عبادت گاہیں قوم کی امانت ہیں جس کا تحفظ حکومت سمیت پوری قوم کا فرض ہے ۔

انہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری کو ہدایت کی کہ کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اورا س ضمن میں اسلام آباد اور لاہور کے سیف سٹی منصوبوں سے استفادہ کیا جائے کیونکہ بلوچستان دشمن کا خاص ہدف ہے ۔

اس لئے کوئٹہ کی سیکورٹی کیلئے سیف سٹی پروجیکٹ کا منصوبہ جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے اس موقع پر پادری سائمن بشیر نے وفاقی حکومت کی طرف سے بھر پور معاونت اورچرچ کی دوبارہ مرمت و تزئین آرائش کرنے اور سانحہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے معاوضے کے اعلان پر وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال کا شکریہ ادا کی۔

دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاہے کہ آج کادورہ نعروں کانہیں ترقی کاہے چین کی پارٹنر شپ اورسی پیک کی تکمیل سے ملک ترقی کرے گاہماری حکومت بلوچستان کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے بلوچستان میں تعلیمی پسماندگی کاخاتمہ سابق وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف کاوژن ہے اورآج بھی بلوچستان سمیت پورے ملک میں تعلیمی فروغ کیلئے اقدامات اٹھارہے ہیں۔

مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین میں بھی صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں جو کام مرد کرسکتے ہیں وہ خواتین بھی کرتی ہیں ہرشعبے میں خواتین بھی اپنی صلاحیتوں کو منواتی ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے نوشکی میں سرداربہادر خان وویمن یونیورسٹی نوشکی کیمپس کا افتتاح کے موقع پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر یونیورسٹی کی طالبات نے وفاقی وزیرداخلہ کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔وفافی وزیرداخلہ کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی حاجی محمد عثمان بادینی اوررکن صوبائی اسمبلی حاجی غلام دستگیربادینی بھی تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ ومنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہاکہ ا لحمداللہ ہم نے صرف اسی دوروز میں بلوچستان میں چار نئے تعلیمی کیمپس کاافتتاح کیاہے جس میں نوشکی ،خضداراورپشین شامل ہیں جہاں تینوں علاقوں میں ایس بی کے کیمپس بنائے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک گلدستہ ہے جس میں مختلف پھول لگے ہوئے ہیں ملک میں ایسا ہی ماحول بنایاجائے جس میں امن واستحکام ہو اورتعصب سے پاک بھائی چار ے کی فضاء ہو بھارت نے ہمیشہ مسلمانوں کے ساتھ تعصب کیااس لیے مسلمانوں نے پاکستان بنایااگرہم یہاں ایک دوسرے کے ساتھ تعصب کریں گے تو پاکستان بنانے کے وژن کی نفی ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ جب تک مسلمان تخلیقی علم کے ساتھ وابستہ رہے دنیا پر چھائے رہے پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنائیں گے انہوں نے کہاکہ تعلیم کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں بنجرزمینوں کو آباد کرنے کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہماری خواہش ہے کہ بلوچستان میں نوجوانوں کو ان کے خواب کی تعبیر مل سکے اوروہ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں ۔انہوں نے پاکستان مسلم (ن) کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی حاجی میرغلام دستگیربادینی کے مطالبے پر نوشکی میں اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کرنے کابھی اعلان کیا۔

اس قبل وفاقی وزیراحسن اقبال نے یونیورسٹی کی کیمپس کلاسوں اورلائبریری کا بھی معائینہ کیااورطالب علموں سے بات چیت کی تقریب سے رکن قومی اسمبلی حاجی محمد عثمان بادینی اورپاکستان مسلم (ن) کے رہنماء رکن صوبائی اسمبلی حاجی میرغلام دستگیربادینی نے بھی خطاب کیا۔