|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2017

پشاور: خیبرپختون خوا کے شہر مردان میں مریضہ نے اسپتال کے باہر ہی بچے کو جنم دے دیا تاہم شدید سردی کے باعث بچہ جانبر نہ ہوسکا۔

پنجاب اور سندھ کے بعد اب خیبر پختون خوا کے شہر مردان میں بھی خاتون نے اسپتال کے باہر ہی بچے کو جنم دے دیا شدید سردی کے باعث بچہ جانبر نہ ہوسکا اور پیدا ہوتے ہی موت کی آغوش میں چلاگیا۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات مریضہ 27 سالہ ریحانہ کو مردان میڈیکل اسپتال لایا گیا لیکن لیڈی ڈاکٹر نے وارڈ میں جگہ نہ ہونے اور بچے کی پیدائش میں ایک ہفتے کا وقت بتاکر واپس بھیج دیا، مریضہ کی حالت چند ہی لمحوں میں غیر ہوگئی اور اس نے اسپتال کے باہر ہی بچے کو جنم دے دیا۔ شدید سردی اور سہولیات نہ ہونے کے باعث بچے نے میڈیکل کمپلیکس کے سامنے ہی دم توڑ دیا۔

دوسری جانب وزراتِ صحت خیبرپختون خوا کا کہنا ہے کہ غفلت برتنے پر میڈیکل کمپلیکس کی 5 لیڈی ڈاکٹرز اور 3 اسٹاف نرسز کو معطل کردیا گیا ہے، معطل ہونے والی ڈاکٹرز میں ڈاکٹرصائمہ، ڈاکٹرنزہت اشتیاق، ڈاکٹرنازیہ، ڈاکٹرمضہدہ اور ڈاکٹرماریہ شامل ہے۔