|

وقتِ اشاعت :   January 31 – 2018

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے گوادر میں پانی کے مسئلہ کے فوری اوردیرپا بنیادوں پر حل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ پی ایچ ای کو پانی کی فراہمی کے جاری منصوبوں کی فوری تکمیل کی ہدایت کی ہے۔ 

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ گوادر میں پانی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر رہا ہے جسکے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات ناگزیر ہوچکے ہیں۔ حکومت گوادر کے پانی کے منصوبوں کے لئے مطلوبہ فنڈز فراہم کریگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر کے پانی کے مسئلہ اور اس کے حل کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری اورنگزیب حق اور متعلقہ محکموں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ان کے دورہ گوادر کے دوران وہاں کے عوام کا سب سے بڑا مطالبہ پانی کی فراہمی تھا اور شہر کے اپنے دورے کے دوران انہوں نے خود بھی پانی کی کمی سے پیدا ہونے والے مسئلہ کو شدت کے ساتھ محسوس کیا۔ 

انہوں نے کہا کہ گوادر میں تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے آغاز سے پانی کی ضروریات میں اضافہ ہوگا جسے پورا کرنے کے لئے قلیل المدتی اور طویل المدتی منصوبوں کی ضرورت ہے جن میں شادی کورڈیم سے گوادر تک پائپ لائن اور ڈی سیلینشن پلانٹوں کی تنصیب اورفعالی کے علاوہ ہنگامی صورتحال میں استعمال کے لئے میرانی ڈیم سے پائپ لائن کے ذریعہ گوادر تک پانی کی فراہمی کا زیر تجویز منصوبہ بھی شامل ہے ۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اپنے محدود وسائل کے باعث گوادر کو پانی کی فراہمی کے بڑے منصوبے نہیں بناسکتی ہے جس کے لئے انہوں نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے وفاقی حکومت کی معاونت کی درخواست کی ہے امید ہے وزیراعظم اس حوالے سے اقدامات کرینگے۔

اس موقع پر پی ایچ ای حکام کی جانب سے اجلاس کو پانی کی فراہمی کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفینگ دی گئی۔ دریں اثناء وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی ملاقات مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے گزشتہ روز وزیراعلی سیکرٹریٹ میں وزیراعلی بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو سے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کر تے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے تحریک عدم اعتماد اور قائد ایوان کے انتخاب میں حمایت کر نے پر جمعیت علماء اسلام کا شکریہ ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آئندہ بھی دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ کے لئے کردار ادا کیا جا ئیگا ،ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی چےئر مین سینیٹ مو لاناعبدالغفور حیدری نے کہا کہ اپوزیشن جماعت ہوتے ہوئے جمعیت علما ء اسلام صوبے کے مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ کیساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی حکومت کے بہترین کارکردگی کو سراہا جائیگا اور کمزوریوں پر توجہ دلائی جائیگی ۔

گزشتہ ادوار میں نااہل حکمرانوں کی وجہ سے مسائل جوں کے توں رہے انہوں نے بلوچستان اور خصوصاً قلات میں بجلی وگیس لوڈشیڈنگ پر وزیر اعلی کی توجہ مبذول کر وائی جس پر وزیراعلی نے یقین دہانی کراوئی کہ متعلقہ حکام سے بات کرکے مسائل کو حل کیا جائیگااور علاقے میں جو ترقیاتی کام التواء کا شکا ر تھے ان پر جلد دوبارہ کام شروع کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ سینیٹ کے ڈپٹی چیئرمین اورجمعیت علماء اسلام کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری گزشتہ روز اسلام آباد سے ہنگامی طورپر کوئٹہ پہنچے کوئٹہ میں قیام کے بعد وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے اور جمعیت علماء اسلام کے صوبائی مجلس شوری کے ارکان سے ملاقات کے بعد واپس اسلام آباد چلے گئے ۔

سینیٹ کے الیکشن کا شیڈول کے اعلان کے بعد جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سینیٹ ڈپٹی چیئرمین کے دورے کوئٹہ کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے ۔