کو ئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ مادری زبان نہ صرف اس گلوبل ویلج میں انسان کی قومی شناخت ہے بلکہ یہ تہذیب تمدن اور ثقافت کے اظہار کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔
مادری زبانوں کی شناخت اور ان کی ا ہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے کیلئے 21فروری کو مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔
مادری زبانوں کے عالمی دن کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ مادری زبان میں تعلیم کا حصول انسان کا بنیادی حق ہے جس کی ضمانت اقوام متحدہ کا چارٹر اور آئین پاکستان بھی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مادری زبانوں کو ذریعہ تعلیم بنانے سے نہ صرف بچوں کی پوشیدہ تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہوتا ہے بلکہ اس سے خود زبان کی ترویج و اشاعت بھی ہوتی ہے موجودہ صوبائی حکومت نے مادری زبان کی اہمیت و افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو نصاب کا حصہ بنانے کا انقلابی فیصلہ کیا ہے۔ جس سے بچوں کی سمجھ بوجھ اور ابلاغ میں اضافہ ہوگااور وہ بہتر طریقے سے اپنے خیالات و احساسات کا اظہار کرسکیں گے۔
مادری زبانوں میں ذریعہ تعلیم سے بچوں کو سمجھنے جانچنے اور پرکھنے میں آسانی ہوگی جس سے قیمتی وقت ، توانائی اور پیسہ کا ضیاع بھی نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مادری زبان صرف عام بول چال کی ایک زبان نہیں بلکہ یہ صدیوں پر محیط تاریخ، ثقافت اور کئی نسلوں کی قربانیوں کی عکاس ہوتی ہے اور اس سے اپنے قومی ہیروز اور اکابرین سے اپنائیت بھی پیدا ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلوبل ویلج جسے ہم دنیا کہتے ہیں کی رنگینی ، خوبصورتی اور بقاء ان مادری زبانوں کی حفاظت و ترویج سے ہی وابستہ ہے لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم نہ صرف اپنی زبان سے محبت رکھیں بلکہ دوسروں کی مادری زبانوں کو بھی قابل احترام سمجھیں انہوں نے کہا کہ اپنی نوجوان نسل کے ذہنوں کو جدید دنیا کے جدید علمی و تحقیقی روشنی سے منور کرنے کیلئے دنیا بھر کی قیمتی علمی و سائنسی مواد کے تراجم اپنی مادری زبانوں میں کرنے کو اولیت دی جائے ۔