کو ئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیمی سیشن کے آغاز کے ساتھ ہی سکولوں میں داخل کرائیں کیونکہ اس وقت پشتون اور دیگر محکوم اقوام کو درپیش مشکلات اور چیلنجز کا واحد حل تعلیم کے حصول میں ہی پوشیدہ ہے ۔
اپنے جاری کردہ بیان میں اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے سرد علاقوں میں یکم مارچ سے تعلیمی سیشن کا آغاز ہونے جارہا ہے اس لئے تمام والدین پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے انہیں سکولوں میں داخل کرائیں تاکہ زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر وہ درپیش مشکلات و چیلنجز کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرسکے ۔
انہوں نے کہا کہ فخر افغان باچاخان نے بھی آزاد مدرسوں کے ذریعے پشتون قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کی بھر پور کوششیں کیں ہم چاہتے ہیں کہ ان کے پشتون قوم کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے ۔
انہوں نے کہا کہ کامیابی کی کنجی اور مسائل کا حل تعلیم ہی میں پوشیدہ ہے اس بات کا والدین اور معاشرے کے تمام افراد کو ادراک کرنا ہوگا ۔ جن معاشروں میں تعلیم کا فروغ ممکن نہیں ہوتا وہاں مختلف مسائل اور مشکلات جنم لیتے ہیں ۔
اس وقت پشتون قوم کو جن مشکلات اور مسائل کا سامنا ہے اس کی خاص وجہ قوم کی تعلیم سے دوری ہے جب تک تعلیم کے حصول کو ہر پشتون اپنا نصب العین نہیں بناتا اس وقت ہم بحیثیت قوم ترقی کی دوڑ میں دوسروں سے پیچھے رہیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ والدین ، اساتذہ سمیت زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مستقبل کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔
شرح خواندگی میں اضافہ اور معیار تعلیم میں بہتری کے لئے اساتذہ سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس لئے ہم سب کو مل کر اس سلسلے میں اکھٹے چلنا ہوگاورنہ درپیش چیلنجز اور مشکلات کے خاتمے سمیت مقاصد کا حصول بھی مشکل سے مشکل تر ہوتا چلا جائے گا ۔
بلوچستان میں فروغ تعلیم کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں ،اصغر اچکزئی
وقتِ اشاعت : February 23 – 2018