|

وقتِ اشاعت :   April 29 – 2018

شنگھائی: شنگھائی تعاون تنظیم کی کثیر الملکی انسداد دہشت گردی کی جنگی مشقوں میں پاکستان اور بھارت کے فوجی دستے بھی حصہ لیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت رواں سال ستمبر میں ہونے والی انسداد دہشت گردی کی کثیر الملکی مشقوں میں چین کے علاوہ پاکستان اور بھارت بھی حصہ لیں گے۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا جب دونوں پڑوسی ممالک اور دیرینہ حریف فوجی مشقوں میں ایک ساتھ حصہ لیں گے۔ یہ مشقیں روس کے پہاڑی علاقے اورل میں منعقد کی جائیں گی جس میں شنگھائی تعاون تنظیم کے 8 رکن ممالک حصہ لیں گے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد خطے کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانا اور پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے جس کے لیے بھارت اور پاکستان سمیت تنظیم کے تمام ممالک نے حامی بھرلی ہے اور عین ممکن ہے کہ ستمبر میں ہونے والی انسداد دہشت گردی مشقوں میں تمام رکن ممالک کے فوجی دستے حصہ لیں۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں چین، روس، پاکستان، بھارت، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں جب کہ پاکستان اور بھارت پہلی بار کسی فوجی مشق میں ایک ساتھ حصہ لیں گے۔