کوئٹہ: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں جاری حالیہ دہشتگردی کے واقعات انسانیت سوز اقدام ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔
کوئٹہ کے مخدوش حالات میں حکومت کو چاہئے کہ وہ ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو امن و امان فراہم کرتے ہوئے دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے لئے موثر پالیسی مرتب کرے اوران کارروائیوں میں ملوث عناصر کے خلاف بھر پور کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کے دوران کیا سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ کوئٹہ میں ایک بار پھر سے شروع ہونیوالی دہشتگردی کے واقعات اور ٹارگٹ کلنگ قابل مذمت ہیں اور جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ہر طرف غریب عوام مارے جارہے ہیں جو کہ ایک انسانیت سوز عمل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کوئٹہ میں ایک بار پھر فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کی کوششیں کی جارہی ہیں ایسے میں بلوچستان کے عوام کو چاہئے کہ وہ ایسے کسی بھی منصوبے کے آلہ کار نہ بنیں اور ایسی سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے ملک اور قوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کریں ۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان بالخصوص کوئٹہ کے مخدوش حالات میں حکومت وقت کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے صوبے کے عوام کو امن و امان فراہم کریں اور اس طرح کی واقعات کی روک تھام کے لئے موثر پالیسی مرتب کرتے ہوئے دہشتگردی کے کارروائیوں ملوث عناصر کے خلاف بھر پور کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں ۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات سر پر ہیں اورایسے میں اس طرح کے واقعات کا رونما ہونا صوبے کے لئے نیک شگون نہیں ایسے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اور وزارت داخلہ کو چاہئے کہ وہ اپنی تمام تر توجہ بدامنی کے واقعات کی روک تھام پر مرکوز کریں اور عام انتخابات کے لئے ایک پر امن فضاء قائم کریں ۔
انہوں نے کہا کہ بجٹ عوام کو ریلیف دینے کے لئے بنایا جاتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں بجٹ عوام کے لئے بوجھ بن جاتا ہے اعداد و شمار تو ہوتا ہے لیکن اس پر حقیقت میں عمل درآمد نہیں ہوتا ۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کے زیراہتمام بلوچستان کے علاقے قلات(منگوچر) میں ایک اعظیم الشان جلسہ ہوگا بلوچستان کے عوام اس جلسے میں اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے جلسہ عام کو کامیاب بنائیں ۔
کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے بڑھتے واردات تشویشناک ہیں، غفور حیدری
وقتِ اشاعت : May 2 – 2018