|

وقتِ اشاعت :   June 7 – 2018

 واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کرکے تمام دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلاتفریق کارروائی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

امریکی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہیدر نوئرٹ کے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مائک پومپیو نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو فون کرکے خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ مائک پومپیو نے پاک امریکا تعلقات کو فروغ دینے، افغانستان میں سیاسی اتفاقِ رائے کی اہمیت پر گفتگو کی اور جنوبی ایشیا میں سرگرم تمام عسکری و دہشت گرد تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی ضرورت پر زور دیا۔

دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کا رابطہ ایسے وقت ہوا جب گزشتہ ماہ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارتکاروں پر مختلف پابندیاں عائد کردی تھیں اور باہمی کشیدگی میں اضافہ ہوگیا تھا۔ مائک پومپیو نے گزشتہ ماہ ہی امریکی سینیٹ کو بریفنگ میں کہا تھا کہ پاکستانی حکومت امریکی سفارتکاروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کررہی جب کہ اس سے قبل ڈونلڈ ٹرمپ حکومت نے پاکستان کی امداد روکنے کا بھی اعلان کیا تھا۔