فٹ بال کا 21 واں عالمی کپ روس میں جاری ہے، جس میں ہر روز نئے ریکارڈ بن اور ٹوٹ رہے ہیں۔
جہاں فٹ بال ورلڈ کپ کے فیور میں دنیا بھر کے لوگ اور میڈیا مبتلا نظر آتی ہے، وہیں اس حوالے سے سوشل میڈیا بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے۔
فٹ بال ورلڈ کپ کے دوران لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سوشل میڈیا استعمال کرنے میں مصروف رکھنے کی غرض سے دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے خصوصی نئی فیچر متعارف کرادیے، جو یقینا صارفین کی دلچسپی کا باعث بنیں گے۔
فیس بک نے فٹ بال ورلڈ کپ 2018 کے لیے صارفین کی دلچسپی کو بڑھانے کے لیے خصوصی فیچر متعارف کراتے ہوئے نیوز فیڈ میں چند چھوٹی موٹی تبدیلیاں کی ہیں، جن سے زیادہ تر صارفین بے خبر ہیں۔
—اسکرین شاٹ
فیس بک نے فٹ بال کپ کا حصہ بننے والی 32 ٹیموں میں سے کسی بھی من پسند ٹیم کا پروفائل فریم بنانے کا فیچر متعارف کراتے ہوئے اس کو اپنے نیوز فیڈ میں شامل کرلیا ہے، جس سے صارفین کسی وقت بھی اپنی من پسند ٹیم کے کلر اور جھنڈے کے ساتھ اپنی پروفائل تصویر اپڈیٹ کر سکیں گے۔
یہ فیچر صارفین کو اپنی نیوز فیڈ بار میں سب سے اوپر نظر آئے گا، تاہم بعض صارفین کی نیوز فیڈ میں اگر یہ فیچر نظر نہیں آ رہا تو کوئی مسئلہ نہیں، جلد ہی یہ فیچر انہیں ان کی نیوز فیڈ میں نظر آئے گا۔
اس فیچر پر کلک کرتے ہی صارفین اپنی پسندیدہ ٹیم کے فریم کے ساتھ اپنی پروفائل تصویر اپڈیٹ کرسکیں گے۔
اسی طرح فیس بک نے فٹ بال کپ کے دوران صارفین کو اپنی پسندیدہ ٹیم کی جانب سے گول کرنے کا اینیمیٹڈ اور گرافکس جشن منانے کا موقع فراہم کیا ہے۔
—اسکرین شاٹ
اس فیچر کے ذریعے صارف کی جانب سے کسی بھی پوسٹ پر انگریزی میں گول لفظ لکھے جانے کے بعد پہلے وہ لفظ ہرے رنگ میں تبدیل ہوجائے گا، جس کے بعد اسکرین پر اینیمیٹڈ فٹ بال ہوا میں اڑتے نظر آئیں گے۔
اس فیچر کو استعمال کرتے وقت صارف کو انگریزی میں ’Gooal, Gool, Gooaal, Gooaaal لکھنا ہوگا، جس کے بعد کمنٹ والی پوسٹ پر اینیمیشن اور گرافکس کی صورت میں فٹ بال نظر آنے سمیت جشن منانے کی جھلکیاں بھی نظر آئیں گی۔
اسی طرح فیس بک نے کسی بھی فٹ بال میچ کے دوران ویڈیو ریکارڈنگ کے لیے بھی خصوصی فیچر متعارف کرائے ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے کوئی بھی صارف کسی بھی میچ کے دوران ویڈیو ریکارڈنگ کرکے میسینجر یا فیس بک پر اسے شیئر کرے گا تو کیمرے پر خصوصی افیکٹس، اینیمیشن اور گرافکس کے آپشن نظر آئیں گے۔
اس فیچر کے ذریعے صارف کسی بھی میچ کی ریکارڈ کی گئی ویڈیو کو ویڈیو گیم کی طرح بھی تبدیل کرسکتا ہے، جب کہ کسی بھی ٹیم کے کھلاڑی کا کارٹون بھی بناسکتا ہے۔
فٹ بال ورلڈ کپ پر ہماری خصوصی کوریج دیکھیں