|

وقتِ اشاعت :   June 28 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان ہائی کورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل میں کاغذات نامز دگی مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں کی سماعت ہوئی جسٹس ہاشم کاکڑ نے پی بی 10 ڈیرہ بگٹی سے نواب عالی بگٹی کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت کی ۔

اس دوران نوا ب عالی بگٹی اور کامران مرتضیٰ ایڈوکیٹ اپیلٹ ٹریبونل کے سا منے پیش ہوئے ،فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر اپیلٹ ٹر یبو نل نے فیصلہ سناتے ہوئے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے نواب عالی بگٹی کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے فیصلے کو برقرار رکھا جبکہ پی بی 13 جعفر آباد سے بی اے پی کے امیدوار فا ئق جمالی کی اپیل پر سماعت میں ٹریبونل نے سابق صوبائی وزیر فائق جمالی کو انتخابات میں حصہ لینے کیلئے اہل قرار دے دیا۔

بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جناب جسٹس محمد اعجاز سواتی پر مشتمل اپیلیٹ ٹریبونل نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 42خاران کے امیدوار و سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب احمد نوشیروانی کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل خارج کر دی گزشتہ روز ٹریبونل نے اس سلسلے میں دائر اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔

یاد رہے میر شعیب احمد نوشیروانی نے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 42 خاران سے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے تھے جسے ریٹرننگ آفیسر نے مسترد کر دیا تھا ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف میر شعیب احمد نوشیروانی نے اپیلیٹ کورٹ میں اپیل دائر کی تھی جسے بدھ کو اپیلیٹ کورٹ کی جانب سے خارج کر دیا گیا۔

الیکشن ٹریبونلز نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 42سے نامزد امیدوار ثنا بلوچ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے حلقہ پی بی 13سے نامزد امیدوار و سابق صوبائی وزیر میر فائق جمالی کی ریٹرننگ آفیسران کے فیصلوں کے خلاف دائر اپیلوں کو منظور کرتے ہوئے ان کے نام اہل امیدواران کی فہرست میں شامل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔

گزشتہ روز بلوچستان نیشنل پارٹی کے حلقہ پی بی 42 سے نامزد امیدوار ثنا بلوچ کی جانب سے ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر اپیلیٹ کورٹ نے فیصلہ سنا دیا اور ان کا نام اہل امیدواران کے فہرست میں شامل کرنے کا حکم دے دیا۔ثنا بلوچ کے کاغذات نامزدگی دوہری شہریت کی بنا پر ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے مسترد کر دئیے گئے تھے۔جسے اس نے اپیلیٹ کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا۔