|

وقتِ اشاعت :   July 1 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سعید احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ بی اے پی کی تشکیل روایتی سیاسی جماعتوں کی بلوچستان کو مسلسل نظر انداز کرنے کی پالیسوں کا رد عمل ہے ۔

بلوچستان عوامی پارٹی کا انتخابی منشور صرف انتخابات کی حد تک نہیں بلکہ ایک ایسا مشن ہے جس کا تسلسل پسماندگی کے خاتمے اور سیاسی عمل میں بلوچستان کے عوام کو مکمل بااختیار بنانے تک جاری رپے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ بلوچستان کی اپنی نمائندہ سیاسی جماعت کی تشکیل میں بہت تاخیر ہوئی تاہم اب مقامی سیاسی حکمت عملی اور عوام کو جمہوری عمل کے ثمرات سے زیادہ دیر محروم رکھنا کسی بھی طور درست نہیں ،سعید احمد ہاشمی نے کہا طویل سیاسی رفاقت میں یہ بات ثابت ہوئی کہ قومی فیصلہ سازی میں روایتی سیاسی جماعتوں کا رویہ مجموعی طور پر مایوس کن رویہ رہا ۔

بلوچستان کی احساس محرومیوں کا چرچا کرنے کے علاوہ اس کے زمینی تدارک کیلئے قابل عمل اقدامات کا فقدان رہا، بلوچستان کی سیاسی قیادت اور رہنماء اراکین پارلیمنٹ وفاقی سطح پر حکومتی و سیاسی معاملات میں سطحی اہمیت کے حامل رہے اور بلوچستان کی تقدیر کے فیصلے ان افراد نے لئے جنہیں بلوچستان کے حقیقی مسائل اور معاملات کا عملا کوئی ادراک تھا نہ فہم۔ 

بی اے پی کی تشکیل وقت کی وہ ضرورت تھی جسے بہت پہلے حقیقی روپ دھار لینا چاہیے تھا تاہم اب بھی ہم پوری توانائی سے اس خلاء کو پر کرنے کے لیے بھر پور جدو جہد کررہے ہیں ۔

سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ سیاسی رہنمائی کے فقدان کے باعث بلوچستان قومی فیصلہ سازی کے عمل میں شرکت سے کوسوں دور رہا اور اپنے مسائل میں اس قدر الجھا رہا کہ پاکستان میں میں اہم نوعیت کے دیگر معاشی سیاسی اقتصادی اور سماجی معاملات میں بلوچستان کی نمائندگی نہ ہونے کے برابر رہی نتیجتا احساس محرومیوں میں بتدریج اضافہ ہوتا گیا ۔

سیاسی احساس محرومیاں ہی دراصل دیگر تمام محرومیوں کی جڑ ہیں سیاسی احساس محرومیاں ختم ہو جائیں تو بہت سے معاملات خود بخود حل ہو جائیں گے سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ دیگر جماعتوں سے سیاسی قائدین کارکنوں اور عوام کی جوق در جوق بی اے پی میں شمولیت سیاسی شعور کا مظہر ہے ۔

عوام اور بلوچستان کے سیاسی رہنماء اپنے حقیقی مسائل کو جاننے لگے ہیں یہی وجہ ہے کہ قیام پاکستان کے بعد پہلی مرتبہ بلوچستان کیلوگ اپنی صحیح سیاسی سمت کا تعین کرنے میں بہتر فیصلہ کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی صوبے کے ہر فرد کو بلا امتیاز صحت تعلیم پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا ایک ایسا میکنزم رکھتی ہے جس سے یہ تمام سہولتیں عوام کو فراہم ہوں گڈ گورننس کا ایک ایسا نظام وضع کریں گے جس سے منتخب نمائندے عوام کو جوابدہ ہوں ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی وہ کچھ کردکھائے گی جو وسائل کی فراوانی کے باوجود دیگر جماعتیں نہیں کر پائیں ہم کرکے دکھائیں گے کہ نیتیں اچھی ہوں اور کام کرنے کا جذبہ ہو تو درپیش مسائل کوئی معنی نہیں رکھتے۔