کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے پولیس، لیویز ، پاک آرمی اور دوسرے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے درمیان مربوط روابط اور ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ الیکشن کا عمل متاثر نہ ہو۔
ان خیالات کاا ظہار انہوں نے عام انتخابات کیلئے مختلف ڈویژن کیطرف سے کئے گئے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سیاسی جماعتوں ، امیدواروں کیلئے 62 نکات پر مشتمل ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے جس میں اسلحہ کی نمائش اور استعمال پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے ۔
اور الیکشن کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانا ہے اس ضمن میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقے جہاں پر نیٹ سروس دستیاب نہیں وہاں پر متبادل نظام کا بندوبست کیا جائے تاکہ الیکشن کمیشن کے قانون کے مطابق انتخابات کے نتائج کو رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے ریٹرننگ آفیسر اور الیکشن کمیشن کو بھجوایا جاسکے ۔
انہوں نے ڈی جی لیویز کو ہدایت کی کہ انتخابات کے انعقاد کو پر امن بنانے کیلئے سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو اسلحہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کی الیکشن ڈیوٹی پر حاضری کو یقینی بنایا جائے غیر حاضری کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائیگی ۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ حیدر علی شکوہ ، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ ، ایڈیشنل آئی جی ، کمشنر ز ، ڈئی آئی جیز ، ڈپٹی کمشنرز سمیت الیکشن کمیشن کے آفیسران موجود تھے ۔
پر امن انتخابات کے انعقاد کیلئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں میں باہمی رابطہ ضروری ہے، چیف سیکرٹری
وقتِ اشاعت : July 3 – 2018