|

وقتِ اشاعت :   July 4 – 2018

لندن: سابق وزیراعظم نوازشریف نے احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چند روز تک موخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بزدل آمر کی طرح بھاگنے والا نہیں بلکہ کمرہ عدالت میں کھڑا ہوکر فیصلہ سننا چاہتا ہوں۔ 

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کا کہنا تھا کہ ساری دنیا میرے خلاف مقدمات اور انتقامی کارروائیوں سے واقف ہے، میں نے جس مشن کا جھنڈا اٹھایا ہے وہ آسان نہیں لیکن میں ووٹ کو عزت دینے کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیارہوں۔

نوازشریف نے کہا کہ بزدل ڈکٹیٹر نہیں جو بھاگ جاؤں، قوم کے ساتھ ہوں اور قوم میرے ساتھ کھڑی ہے اور میں عوام کے درمیان رہ کر اور انہیں گواہ بنا کر کمراہ عدالت میں کھڑا ہوکر اپنے کیس کا فیصلہ سننا چاہتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا ملک ہے، اپنے ملک پر جان نچھاور کرنے والا بندہ ہوں، اہلیہ وینٹرلیٹرپرہیں، جیسے ہی اہلیہ کی طبیعت ٹھیک ہوتی ہے فوری واپس جاؤں گا۔

قائد مسلم لیگ (ن) نے احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ چند روز تک موخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ چند دن محفوظ رکھنے سے انصاف مجروح نہیں ہوتا جب کہ ہماری عدالتوں میں کئی کئی ماہ فیصلے محفوظ رکھنے کی روایت موجود ہے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان ہوا۔

نوازشریف نے کہا کہ پاکستان میں بدترین حالات ہیں لیکن جیپوں والوں سمیت عوام کا راستہ روکنے والے عبرت کا نشان بننے والے ہیں اور 25 جولائی کو قوم فیصلہ سنائی گی اور یہ فیصلہ قوم کی تقدیر بدلے گا۔ انہوں نے کہا کہ 28 جولائی کے بعد جو کچھ ہوتا رہا ہے اب کچھ بھی ہوسکتا ہے جب کہ ابھی تومیرے خلاف مزید دو ریفرنسزپر کارروائی جاری ہے۔