|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2018

کوئٹہ: چینی سرمایہ کاروں نے بلوچستان میں توانائی،معدنیات،ماہی گیری اورسیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔چینی قونصل جنرل وانگ یو کا کہنا ہے کہ ہماری ترجیحات میں بلوچستان اور پاکستان کی ترقی شامل ہے۔

بلوچستان اقتصادی فورم کے زیر اہتمام صوبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات سے متعلق ایک روزہ کانفرنس ہوئی۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری تھے جبکہ چینی قونصل جنرل مسٹر وانگ یو نے خصوصی طور پر کانفرنس میں شرکت کی۔

کانفرنس کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں چینی سرمایہ کاروں کے علاوہ چین کی بڑی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدیدار بھی شریک تھے۔ کانفرنس کے شرکاء کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، منیجنگ ڈاریکٹر بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اورا نسپکٹر جنرل پولیس کی جانب سے بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ، امن و امان کی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ 

چینی سرمایہ کاروں نے صوبے میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہارکیا اور اس ضمن میں متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں سے سوالات کئے جن کے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دئیے گئے۔ 

چینی قونصل جنرل نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور سی پیک کے منصوبوں کی پیش رفت اور تکمیل کے بارے میں آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کو چینی حکومت کی خصوصی دلچسپی اور ترجیح قرار دیا اور یقین دلایا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں چینی حکومت اپنا کردار ادا کریگی۔ 

انہوں نے چین کے عوام اور حکومت کی جانب سے بلوچستان کے عوام سے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار بھی کیا۔چینی سرمایہ کاروں نے گودار میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے اور سمندر کے پانی کو صاف کرنے کے پلانٹ لگانے میں بھی دلچسپی دکھائی۔ اس موقع پر چینی قونصل جنرل وانگ یو کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیاں بلوچستان اور پاکستان کی ترقی چاہتی ہیں ، بلوچستان کو اس وقت سڑکوں کو بجلی کی ضرروت ہے ، اس لیے ہم بلوچستان کے بنیادی ڈھانچے پر توجہ دیں رہے ہیں۔ 

کانفرنس سے وزیر داخلہ آغا عمر بنگلزئی اور بلوچستان اکنامک فورم کے صدر سردار شوکت پوپلزئی نے بھی خطاب کیا اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے اپنے ادارے کی کاوشوں سے آگاہ کیا۔نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاوالدین مری نے غیرملکی سرمایہ کاروں کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائے گی۔ 

نگراں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ سیمینار سی پیک اور بلوچستان کی ترقی کے تناظر میں منعقد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے اندر کام کرنیوالے چائینز انجینئر سمیت دیگر افراد کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی یہ ہماری ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہاکہ سی پیک پروجیکٹ بلوچستان اورپاکستان کیلئے بڑی اہمیت کا حامل ہے ۔گوادر میں اور بلوچستان میں فری زون قائم کیا جائیگا جس کیلئے کام مکمل کیا جارہاہے امید ہے جلد اس پر عملدارآمد شروع ہوجائیگا۔