لاہور: مسلم لیگ (ن) نے انتخابی منشور 2018 پیش کرتے ہوئے لاکھوں افراد کو روز گار فراہم کرنے اور بھاشا ڈیم کی تعمیرکو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
لاہور میں مسلم لیگ(ن) کا انتخابی منشور پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر(ن)لیگ شہبازشریف نے کہا کہ 2013 سے پہلے لاکھوں لوگ بے روزگار تھے، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی، معیشت تباہ ہوچکی تھی اور صنعتوں کا پہیہ رک چکا تھا لیکن (ن) لیگ کی حکومت آنے کے بعد گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی، سی پیک جیسا عظیم منصوبہ تیار کیا، شمسی توانائی کو بروئے کارلایا گیا اور ترقی کا سفر شروع ہوا، ملک میں شفاف ترین منصوبےلگا کرنیاریکارڈقائم کیا اور توانائی منصوبوں میں قوم کے160ارب روپےبچائے، زراعت کو مضبوط کرنے کے لیے (ن)لیگ کی حکومت نے بڑے اقدامات کیے اورخودروزگاراسکیم جیساتاریخی پروگرام دیا، نوازشریف کی حکومت میں کھاد کی قیمت آدھی کردی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں امن قائم کیا اور امن و امان قائم کرنے کا مشن نوازشریف کا تھا، نوازشریف نے صحت عامہ سہولیات میں انقلابی اقدامات اٹھائے اور اصلاحات کیں اب حکومت ملی توپورے پاکستان کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت فراہم کریں گے، پنجاب کے ہر اسکول میں ووکیشنل سینٹربنائیں گے، ہم اندرونی و بیرونی سرمایہ کاری بڑھائیں گے اور بلاسود قرضے آئندہ بھی دیں گے۔
صدرمسلم لیگ(ن) نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ایک بچی کا وظیفہ دوسوسے بڑھا کرایک ہزار کیاتھا اور خود روزگار پروگرام کے ذریعے 20لاکھ افراد کو روزگار دیا گیا جب کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم وصحت کا بیڑہ غرق کردیا گیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ سب سے بڑا چیلنج پانی کا ہے اور بھارت ڈھٹائی کے ساتھ پاکستان آنے والے پانی پرڈیم بنا کر ہمارے لیے شدید مشکلات کھڑی کررہا ہے اس صورتحال میں ہمیں سب اختلافات بھلا کر الیکشن کے بعد پہلے دن سے بھاشاڈیم پرکام کرنا شروع کردینا چاہیے، اس پر 10 سے 12 ارب ڈالر لاگت آئے گی، دیامر بھاشا ڈیم ہماری اولین ترجیح ہے جس سے پن بجلی مہیا ہوگی، ڈیم بنانے کے لیے چندہ جمع کرنا پڑا تو کریں گے ۔