|

وقتِ اشاعت :   July 6 – 2018

کوئٹہ :  پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ بیان میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈبلیو ڈی اسلام آباد کی جانب سے پاک پی ڈبلیو ڈی گوادر ڈویژن کے مالی وانتظامی اختیار کوئٹہ سے کراچی منتقل کرنے کے احکامات کو مسترد کیا گیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے اس غریب صوبے کے ساتھ ہمیشہ سے یہ ناروا طرز عمل اختیار کیا جاتا رہا ہے کہ ہمارے وسائل کا اختیار دیگر صوبوں کے پاس اور اسی طرح تمام انتظامی معاملات اس صوبے کی بجائے دوسروں کے کنٹرول میں رہتے ہیں ۔ جس کی بڑی مثال سوئی سدرن گیس کمپنی کا ہیڈکوارٹر کراچی میں قائم ہونا ہے ۔ جبکہ ہمارے صوبے کے عوام اپنے ہی صوبے سے نکلنے والی قدرتی وسائل سے محروم جبکہ اختیار دوسروں کے پاس ہے۔ 

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک پی ڈبلیو ڈی گوادر ڈویژن کا انتظامی اور مالی اختیار کا کوئٹہ سے کراچی منتقل ہونے سے ادنی ملازمین تک کی بھرتی ، تقرر وتبادلے کا اختیار ویسٹ زون کوئٹہ کی بجائے ساؤتھ زون کراچی کو مل جائیگا ۔ گوادر کے کاموں کو دیکھ بھال اور مرمت کیلئے بھرتی ہونیوالے ورک چارج ملازمین (مینٹیننس سٹاف )کی بھرتی تک کا اختیار بھی کوئٹہ سے کراچی منتقل ہوجائیگا ۔

ملازمین کے معاملات سی بی اے یونین کوئٹہ کی بجائے کراچی یونین کے دائرہ اختیار میں چلے جائینگے کارکنوں وملازمین کے انتظامیہ کے ساتھ تنازعات کا دائرہ اختیار بھی کوئٹہ لیبر کورٹ کی بجائے کراچی منتقل ہوگا۔ اسی طرح کاموں کی تعمیر ، مرمت ودیکھ بھال کے تمام تر معاہدے کرنے کا اختیار ویسٹ زون کوئٹہ کے بجائے ساؤتھ زون کراچی کو مل گیاہے جس سے صوبے کے کنٹریکٹر کے احساس محرومی میں مزید اضافہ ہوگا اور ہمارے مقامی لوگوں کے روزگار کی حق تلفی ہوگی۔ 

بیان میں پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاک پی ڈبلیو ڈی گوادر کی تمام انتظامی ومالی اختیار کے ویسٹ زون کوئٹہ سے ساؤتھ زون کراچی منتقلی کے احکامات کو فی الفور منسوخ کرتے ہوئے تمام تر اختیارات دوبارہ صوبے کے پاس رہنے دیا جائے ۔