کراچی اور لاہور میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں جھڑپوں اور فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ایم کیوایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے الزام لگایا ہے کہ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں ایم کیوایم کے انتخابی دفتر پر پی ایس پی کے مسلح کارکنان نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایم کیوایم کے متعدد کارکنان زخمی ہوگئے۔ کنورنوید جمیل نے انتخابی دفتر پر پی ایس پی کارکنان کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن، آٸی جی سندھ اور متعلقہ حکام سے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
ادھر لاہور میں حلقہ پی پی 160 وحدت کالونی میں چوک عاشق آباد کے قریب پی ٹی آئی کے دفتر پر مسلح شخص کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے وقت پی ٹی آئی کے کارکنان مقامی انتخابی دفتر میں الیکشن کی تیاریوں کے لیے موجود تھے۔ اس حلقہ میں ن لیگ کے توصیف شاہ اور پی ٹی آئی کے میاں محمود الرشید کے درمیان مقابلہ ہے۔