|

وقتِ اشاعت :   August 2 – 2018

کوئٹہ: چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کوئٹہ کے وسط میں واقع سرکاری اراضی کی غیر قانونی لیز کے معاملے میں سابق ناظم کوئٹہ میر مقبول لہڑی کے خلاف انکوائری کی منظوری دیدی۔

مقبول لہڑی نے ناظم کی حیثیت سے بلوچستان لوکل گورنمنٹ آرڈیننس2001 اور بلوچستان لوکل کونسل پراپرٹی رولز کے برخلاف سرکاری قیمتی زمین عتیق اور ہارون نامی اشخاص کو اونے پونے داموں لیز پر دی۔ ڈی جی نیب بلوچستان مرزا محمد عرفان بیگ نے مذکورہ کیس ناقابل تردید ثبوتوں کی روشنی میں چیرمین نیب کو بھیجا جسے منظور کرتے ہوئے سابق ناظم کے خلاف انکوائری کے احکامات جاری کر دےئے گئے۔

واضح رہے حال ہی میں ڈائر یکٹر جنرل قومی احتساب بیورو بلوچستان نے کوئٹہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی جانب سے شہر کے وسط میں واقع انتہائی قیمتی سرکاری زمین کو کوڑیوں کے بھا لیز پر دینے کا نوٹس لیتے ہوئے ہارون اور عتیق پلازہ کی اراضی کو منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے ۔

نیب بلوچستان کے نوٹس لینے پر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے عتیق پلازہ اور ہارون نامی شخص کی اراضی کے معاہدے کو غیر قانونی تسلیم کرتے ہوئے قیمتی سرکاری اراضی کی لیز کا معاہدہ کینسل کر دیا تھا اور اس ضمن میں مئیر کوئٹہ نے اراضی کی لیز کے معاہدے کی تنسیخ کا حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔