کراچی: شیر شاہ کباڑی مارکیٹ کی دکان میں سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 4 افراد جھلس گئے ہیں۔
کراچی میں شیر شاہ کباڑی مارکیٹ میں گاڑیوں کے اسپیئر پارٹس کی ایک دکان میں رکھے سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گئے جس کے نتیجے میں 6 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 2 زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جب کہ دیگر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
سلنڈر دھماکے میں جھلسے ہوئے افراد کو سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جھلسے ہوئے افراد کے جسم کے مختلف حصے متاثر ہوئے ہیں تاہم دو کی حالت نازک ہے۔ مریضوں کو چند روز تک برنس وارڈ میں ہی رکھا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سلنڈر دھماکا غفلت اور لاپرواہی کے باعث پیش آیا ہے۔ بم ڈسپوزل کے عملے نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا ہے اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔