|

وقتِ اشاعت :   August 13 – 2018

کوئٹہ:  نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری نے کہا ہے کہ حکومت پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ کو فروغ دینا چاہتی ہے ۔ ٹرانس بلوچستان انٹر پرائز زجیسے اداروں کو فعال کریں گے ۔

یہ بات انہوں نے سرکی روڈ پر واقع پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ پر چلنے والے ٹرانس بلوچستان انٹر پرائزز کے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نہایت افسوس کی بات ہے کہ اعلیٰ معیار کا فرنیچر بنانے والا حکومت کا اپنا ادارہ موجود ہو نے کے باوجود سرکاری ادارے غیر معیاری فرنیچر عام دکانوں سے مہنگے داموں خریدتے ہیں ۔ 

انہوں نے اس موقع پر ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری انڈسٹریزاور ڈی جی بپپرا ہنگامی طور پرٹرانس انٹر پرائزز کا دورہ کرکے مجھے رپورٹ کریں تاکہ بپپرارولز میں نرمی کرکے بہترین کارکردگی کے حامل ادارے کو دوبارہ فعال کیا جائے ۔ 

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان بحال ہوچکا ہے ۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ملکی وبیرونی سرمایہ کاری کے راستے کھل چکے ہیں وزیرا علیٰ نے اس موقع پر فیکٹری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ٹرانس انٹر پرائزز بلوچستان کے عالمی معیار کی تعریف کی اور کہا کہ کاش میں کچھ عرصہ قبل اس ادارے کادورہ کرتا تو اس ادارے کو اب تک فعال کرچکا ہوتا ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ صوبائی سیکریٹری انڈسٹریز ترجیحی بنیادوں پر ادارے کا دورہ کرکے اس حوالے سے اجلاس کا انعقاد کرائیں تاکہ اس ادارے کو فوری طور پرفعال کیا جاسکے اور اس کے معیاری فرنیچر کی سرکاری اداروں میں دوبارہ فراہمی کو ممکن بنایا جاسکے ۔