کراچی: سندھ کابینہ میں شامل 8 وزرا نے حلف اٹھا لیا ہے جب کہ 2 مشیروں کا نوٹی فکیشن کل جاری کیا جائے گا۔
سندھ کابینہ کے نومنتخب 8 وزرا نے حلف اٹھا لیا ہے، حلف برداری کی تقریب گورنرہاؤس میں ہوئی، قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے نومنتخب وزرا سے حلف لیا جن میں عذرا پیچوہو، سعید غنی، شہلا رضا، اسماعیل راہو، ہری رام، شبیر بجارانی، سید سردار شاہ اور مخدوم محبوب الزماں شامل ہیں۔ کابینہ میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور محمد بخش مہر کو مشیر کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور ان کی بطور مشیر تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
اس سے قبل بلاول ہاؤس کراچی میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں کابینہ اراکین اور قلمدانوں کو حتمی شکل دی گئی۔ سعید غنی کو محکمہ بلدیات، سردارشاہ کو تعلیم و ثقافت، اسماعیل راہو کو زراعت و خوراک اور شہلا رضا کو محکمہ اطلاعات و وزیر ترقی نسواں مقرر کیا گیا۔ سعید غنی سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر بھی ہوں گے۔
مخدوم محبوب الزماں کو ریونیو، ہری رام کشوری لال کو ایکسائز، جیل خانہ جات اور اقلیتی امور، ڈاکٹرعذرا پیچوہو کو وزارتِ صحت کا قلمدان دیا گیا جب کہ معدنیات کا محکمہ شبیر علی بجارانی کے حوالے کیا گیا۔ بیرسٹرمرتضیٰ وہاب کو محکمہ قانون و اینٹی کرپشن کا جبکہ محمد بخش مہر کو صنعت و تجارت کا مشیر مقرر کیا جائے گا۔