|

وقتِ اشاعت :   August 21 – 2018

کوئٹہ: ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کوئٹہ اور بلوچستان کے حقوق کی جنگ لڑونگا،وزیراعظم پاکستان عمران خان اور پارٹی قیادت کے توقعات پر پورا اترتے ہوئے قومی اسمبلی کی کارروائی کو احسن انداز میں چلاتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلوں گا۔

وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں نئے پاکستان کے روڈ میپ کا اعلان کردیا ہے ،اندرون ملک وبیرون ملک وزیراعظم پاکستان کے خطاب کو پذیرائی ملی ہے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو اسلام سے کوئٹہ پرپہنچے پر ائرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکرہے کہ انہوں نے مجھے قومی اسمبلی کے انتخاب میں سرخروکیااورکوئٹہ کے عوام نے 25جولائی کے الیکشن میں قوم پرستی اور مذہب پرستی کی سیاست کو دفن کرتے ہوئے نئے پاکستان کے خواب کی تکمیل کے لیے پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دئیے ،بلوچستان سے احساس محرومی کے خاتمے کے لیے قومی اسمبلی میں قانون سازی کرینگے ۔

،انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان نے مجھے ڈپٹی اسپیکر نامزد کرکے جو اعزاز بخشا ہے اس پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے 183اراکین قومی اسمبلی نے میرے اوپر اعتماد کرتے ہوئے مجھے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کیا جوکہ بلوچستان کے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وفا ق میں بلوچستان کی نمائندگی کا مقدمہ بھر پور انداز میں لڑونگا اور اسلام آباد میں بلوچستان کے نوجوانوں کی آواز بنوگا ،وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں چھوٹے صوبوں کو بھر پور نمائندگی دی ہے ۔

وزیراعظم پاکستان نے تحریک انصاف کے دیرینہ رہنماؤں عمران اسماعیل کو گورنر سندھ،شاہ فرمان کو گورنر خیبر پشتونخوا ،محمود خان وزیراعلیٰ خیبر پشتونخوا ،اسد قیصر کو سپیکر قومی اسمبلی اور مجھے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی منتخب کرکے کارکنوں کے دل جیت لیے ہیں۔

ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 100دن کے پروگرام پر بھر پور انداز میں عمل درآمد کرتے ہوئے ملک میں سادگی وکفایت شعاری کے کلچر کو فروغ دیا جائے گا اور وفاقی حکومت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ صحت،تعلیم اور روزگار پر خرچ کرے گی۔