کراچی: شہر قائد میں عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز بھی موسم خوشگوار ہے اور بوندا باندی کے باعث عید کی خوشیوں کا مزا دوبالا ہوگیا ہے۔
کراچی اور گرد و نواح کے علاقوں میں گزشتہ 3 روز سے موسم ابر آلود ہے، فرحت بخش ہواؤں کے ساتھ بونداباندی نے عید قرباں کا مزا اور بھی دوبالا کردیا ہے تاہم کراچی والوں کو بادلوں کے کھل کر برسنے کا شدت سے انتظار ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں جنوب مغرب سے ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں مطلع ابر آلود رہے گا، کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب وفاقی حکومت کی جانب سے عید الاضحٰی کی مناسبت سے دی گئی چھٹیاں ختم ہوگئی ہیں تاہم سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری نہ ہونے کے برابر ہے جب کہ شہر بھر کی تمام بڑی مارکیٹیں، کاروباری مراکز اور بازار آج بھی بند ہیں۔